دیوبند (سماج نیوز سروس) سہارنپور کی ادبی معیاری انجمن’’ انجمن عروج ادب‘‘ کی جانب سے جشن آزادی کے عنوان سے ایک شاندار مشاعرہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت معروف کہنہ مشق شاعر محترم ہارون صابر فریدی نے کی اور نظامت کے فرائض انجمن عروج ادب کے جنرل سکریٹری اور معروف شاعر دانش کمال نے بحسن خوبی انجام دیئے۔ مشاعرہ میں مہمان خصوصی کے طور پر معروف صحافی احمد رضا نے شرکت کی ۔ مشاعرہ کا افتتاح تلاوت کلام پاک سے ہوا جو بہترین قاری حافظ مزمل نے اپنی خوبصورت آواز سے محفل کو نورانی اور زعفران زار بنایا ۔ بعد ازاں ناظم مشاعرہ نے انجمن عروج ادب کے بانی کہنہ مشق استاد الشعرا محسن ادب آبروئے، سخن مرحوم حضرت حمید قریشی کا لکھا حب الوطنی سے سرشار گیت ’’میرے محبوب وطن ،میرے محبوب وطن ٭ تیرے ذروں کے قدم چومنے تارے ٹوٹیں٭ جھک رہا ہے تری دھرتی پہ عقیدت سے گگن٭ میرے محبوب وطن میرے محبوب وطن ‘‘ پڑھ کر مشاعرہ کا آغاز کیا ۔ مشاعرہ دس بجے شروع ہوکر رات دو بجے بخوبی اختتام پذیر ہوا مشاعرہ میں باذوق سامعین اور اہل ادب حضرات کی شرکت مشاعرہ کی کامیابی کی ضمانت رہے۔ مشاعرہ کی ایک خاص خوبی یہ بھی رہی کہ مدعوین شعراء کی پابندی سے شرکت رہی جو ان کے بانی ٔ انجمن حمید قریشی مرحوم سے عقیدت اور انجمن ہذا اور دانش کمال سے محبت اور ملنساری کا مظاہرہ کررہی تھی جسے دانش کمال نے محسوس کر بارہا اسکے لئے اظہار تشکر جتایا ۔ مہمان خصوصی احمد رضا نے جنگ آزادی میں شاعروں اور قلم کاروں کی حصہ داری پر خاصی روشنی ڈالی اور اپنے شہر سہارنپور کے شعراء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے شعراء کا کلام ہندوستان کے صف اول کے شاعروں سے کسی طور کم نہیں یہاں کا ادبی اور علمی معیار ہمیشہ سے افضل و بہتر رہا ہے جو آج بھی حسب روایت ترقی کی راہوں پر گامزن ہے جس پر ہمیں فخر محسوس ہوتا ہے ۔ مشاعرہ میں شریک شعراء کرام میں ہارون صابر، سکندر حیات ،دانش کمال، فیاض ندیم، پیرذادہ عاصم، مستقیم روشن،الیاس علم،طاہر امین، عدیل تابش، خرم سلطان، عابد اسعدی، کمال احمد کمال،لئیق افضل، سلیم راکٹ،رائو اصغر اور مہمان شاعر نجم الاسلام نجم مظفر نگری وغیرہ نے مشاعرہ میں اپنے کلام سے نوازا مشاعرہ کا انعقاد عمران قریشی صدر کانگریس سیوا دل و رکن انجمن عروج ادب کے دولت کدہ پر بڑے عمدہ اہتمام کے ساتھ کیا گیا ۔نیتا جی نے صدر محفل ہارون صابر اور مہمان خصوصی احمد رضا و انجمن کے روح رواں دانش کمال کو دستار پہنا کرانکا استقبال کیا اور دیگر مہمانان کو بھی پھولوں کے ہار پیش کئے اور مشاعرہ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی آخر میں کنوینر مشاعرہ فراز احمد نے سبھی شعراء و سامعین حضرات کا شکریہ ادا کرکے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔