چنڈی گڑھ، (یو این آئی) ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے کہا ہے کہ عالمی بحران کے وقت بھی اپوزیشن جماعتیں سیاست کر رہی ہیں جو افسوسناک ہے۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حالات میں ملک کو متحد ہو کر چیلنجوں کا سامنا کرنا چاہیے۔ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ایک عالمی اثر ہے، تاہم مرکزی حکومت وقتاً فوقتاً ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کر کے عوام کو راحت فراہم کرتی ہے۔ گوہانا میں منعقدہ تشکر و ترقی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہریانہ میں پیٹرول، ڈیزل اور گھریلو گیس کی کوئی کمی نہیں ہے اور تمام پٹرول پمپس اور گیس ایجنسیوں پر وافر مقدار میں اسٹاک دستیاب ہے۔ دریں اثنا ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے گوہانا اسمبلی حلقہ کے لیے کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے ریاست میں ہمہ جہت ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ گوہانا میں منعقدہ تشکر و ترقی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے علاقے میں اسپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نالہ نمبر 8 پر بھگوان پرشورام وراثتی پارک اور جاگنگ ٹریک تیار کیا جائے گا۔ زمین دستیاب ہونے کی صورت میں پی پی پی ماڈل کے تحت کثیر منزلہ پارکنگ اور تجارتی کمپلیکس بھی قائم کیا جائے گا۔ صحت اور تعلیم کے شعبے میں انہوں نے خانپور کلاں میں واقع بھگت پھول سنگھ سرکاری میڈیکل کالج میں پی پی پی ماڈل کے تحت کارڈیو کیتھ لیب قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ عمارت کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اسی ادارے میں فزیوتھراپی کالج کی کلاسیں تعلیمی سیشن 2027-28 سے شروع کی جائیں گی۔ تعاون و سیاحت کے وزیر ڈاکٹر اروند شرما کی جانب سے منعقدہ اس عوامی جلسے میں وزیر اعلیٰ نے شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کئی دیگر اعلانات بھی کیے۔ ان میں سونی پت روڈ پر شیو دھام کی تعمیر، مہم روڈ کے پاور ہاؤس میں 33 کے وی سب اسٹیشن کا قیام اور خانپور کلاں کے 33 کے وی سب اسٹیشن کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔












