نئی دہلی، (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں کسان تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور مجوزہ ہند-امریکہ تجارتی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔کانگریس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، کسان لیڈروں نے اس معاہدے کی سخت مخالفت کی اور مکئی، سویا بین، کپاس، پھلوں اور خشک میوہ جات کے کسانوں کے ذریعہ معاش پر اس کے پڑنے والے اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔مسٹر گاندھی نے اس میٹنگ کے دوران کہا کہ اس تجارتی معاہدے سے "زرعی مصنوعات کی درآمد کے لیے دروازے کھول دیے گئے ہیں۔” انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "کئی دیگر فصلیں بھی جلد ہی درآمد کی جائیں گی۔”مسٹر گاندھی نے کہا کہ "ہمارے کسانوں سے زیادہ سبسڈی والی درآمدی زرعی مصنوعات کے ساتھ مقابلہ کرنے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ یہ معاہدہ نہ صرف چند مخصوص فصلوں بلکہ دیہی معیشت کے لیے بھی خطرہ ہے۔ ہمیں کسانوں اور کھیت مزدوروں کے روزگار کا تحفظ کرنا چاہیے۔”کسان لیڈروں نے مسٹر گاندھی کو بتایا کہ اس معاہدے سے مقامی پروڈیوسروں، خاص طور پر چھوٹے اور پسماندہ کسانوں پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے دلیل دی کہ امریکہ سے بڑھتی ہوئی درآمدات کی وجہ سے ہندوستانی بازار میں قیمتیں گر سکتی ہیں اور لوگوں کی آمدنی کم ہو سکتی ہے۔ میٹنگ میں موجود ایک کسان نمائندے نے کہا کہ ہم پہلے ہی بڑھتی ہوئی لاگت اور غیر مستحکم بارار قیمتوں سے نبرد آزما ہیں۔ سستی درآمدات کے لیے دروازے کھولنے سے کسانوں کی سودے کی قوت مزید کمزور ہو جائے گی۔”کسان لیڈروں اور مسٹر گاندھی نے تجارتی معاہدے کی مخالفت کے لیے بڑے پیمانے پر قومی تحریک شروع کرنے کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کے بعد ایک کسان لیڈر نے کہا کہ ” ہندوستان کے زرعی شعبے کے تحفظ کے لیے ایک وسیع پلیٹ فارم بنانے کی ضرورت ہے۔”میٹنگ میں کئی ریاستوں کی متعدد کسان تنظیموں کے لیڈروں نے شرکت کی۔ ان میں آل انڈیا کسان کانگریس کے سکھپال ایس کھیرا اور اکھلیش شکلا، جی کے ایس راجستھان کے رنجیت ایس سندھو، پروگریسو فارمرز فرنٹ کے آر نندکمار، بی کے یو شہید بھگت سنگھ کے امرجیت ایس موہری، عام کسان یونین کے کیدار سروہی، کسان کانگریس پنجاب کے کرن جیت ایس سندھو، کسان مزدور مورچہ-انڈیا کے گرمنیت ایس منگت، جموں و کشمیر زمیندارہ فورم کے حمید ملک، کے ایم ایم کے تیجویر سنگھ، ہریانہ کسان سنگھرش سمیتی کے دھرم ویر گویت، کرشک سماج کے ایشور سنگھ نین اور ساؤتھ ہریانہ کسان یونین کے ستویر کھٹانہ شامل تھے۔












