بیدر، سماج نیوز سروس:تاخیر سے ملی اطلاع کے بموجب ایکسلنٹ انگلش اسکول بسم اللہ نگر ، بنگلورمیں ’’یوم تعلیم‘‘ تقریب کاانعقاد عمل میں آیا۔ اسکول کے ننھے منے طلبہ نے مختلف ادوار کے رنگ برنگے ملبوسات میں سجے سجائے حضرت ٹیپوسلطان شہیدؒ، شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ اور مولانا ابوالکلام آزاد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے چارزبانوں اردو ، ہندی ، کنڑا ، اورانگریزی میں پر مغز تقاریر کیں اور شاعری پیش کرتے ہوئے نہ صرف ناظرین وسامعین کا دل موہ لیا بلکہ زبانوں کے حسن ِ امتزاج کالطف بھی ناظرین نے پایا۔ ان شاہین بچوں کی کارکردگی سے متاثر ہوکر ڈاکٹر ثنااللہ شریف صدر آئیٹا بنگلور میٹرو نے کہااستاد کی رہنمائی اور درسگاہوں کے کمرہ جماعت سے انقلاب آتاہے۔ اساتذہ کرام اور خصوصاً بے نظیر بیگ صاحب (بانی سکریڑی) کی کوششوں سے یہ حسین پروگرام عمل میں آیاہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ حضرت ٹیپوسلطان شہید ؒ بہادری ،شجاعت ، بلندہمتی ، عزم مصمم اورمضبوط قوت ِ ارادی کے لئے مشہور تھے ۔ ان سب باتوں کی وجہ سے وہ شیرمیسور کہلاتے تھے۔ آپ کی شہادت پر انگریز فوج نے خوشی سے اچھلتے ہوئے کہا’’آج سے ہندوستان ہمارا ہے ‘‘موصوف نے اقبال کی بابت کہاکہ حب الوطنی اقبال کی زندگی کاپہلا پیغام ہے۔ ترانہ ٔ ہندی کے اشعار آج بھی ہمارے خون کو گرماتے ہیں۔ جبکہ مولانا آزاد اپنی ذات میں انجمن تھے۔ دوراندیش ، سیاست دان ، وسیع النظر ماہر تعلیم، شعلہ بیان مقرر، بے باک صحافی اور صاحب اسلو ب ادیب ، مفسرقرآن اور بے خوف نقاد تھے ۔ آپ ملک کی آزادی کے لئے طویل عرصہ تک جیل میں قید رہے۔جناب بے نظیربیگ نے افتتاحی کلمات میں کہاکہ بچہ میں موجود صلاحیتوں کوپروان چڑھانے ، اس کو ترغیب دینے کے لئے آج ’’یومِ تعلیم‘‘ کااہتمام کیاگیاہے۔ اس کے ذریعہ تاریخ ساز شخصیات کااحاطہ کرتے ہوئے ان کوخرا ج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اردوزبان کی چاشنی، مٹھاس اور شیرینی کاذکر مقصو دہے۔ اور بچوں کواردو سیکھنے سکھانے کا عمل بھی پیش نظر ہے۔ معلم نوازشریف نے جلسے کی کارروائی چلائی اور اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں معلمین شریک ِ اجلاس رہے ۔ جس میں محترمہ ساجدہ بیگم، انجم فاطمہ ، عقیلہ بیگم، طلعت فاطمہ قابل ذکر ہیں۔