نئی دہلی،ہمارا سماج:جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تاریخی مڈل اسکول میں ایک شاندار اور رنگا رنگ ثقافتی تقریب کا انعقادعمل میں آیا۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن (آئی اے ایس ای) کے ڈی ایل ایڈ سال دوم کے طلبا وطالبات نے یہ کلچرل پروگرام جامعہ کے کیمپس میں واقع مڈل اسکول کے میدان میں منعقد کیے۔اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہندوستان کے بیشتر صوبوں کی تہذیبی وثقافتی نمائندگی کسی نہ کسی پروگرام کے تحت کی گئی تھی۔بچے ہر صوبے کے روایتی لباس پہن کر اس صوبے کے روایتی کلچرکو بہترین طریقے سے پیش کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ پروگرام میں ڈاکٹر اسجد انصاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور سبھی زیر تربیت معلمین ومعلمات اور اسکول کے طلباو طالبات کو مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے اپنے خطاب میں جامعہ مڈل اسکول کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی اور بتایاکہ یہ واحد اسکول ہے جسے جامعہ کی فاؤنڈیشن کمیٹی نے قائم کیا تھا۔اسی اسکول کو ہر سال جامعہ ملیہ اسلامیہ کے جشن یوم تاسیس منانے کی سعادت حاصل رہی ہے۔اس موقع پر اسکول پرنسپل اقبال اور اسکول کی کلچرل کمیٹی کی انچارج محترمہ عائشہ صاحبہ نے بھی بچوں کو خطا ب کیا اور ان سبھی بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔اس پروگرام میں بچوں نے جامعہ کی روایت کے مطابق بہت ہی معیاری ثقافتی پروگرام پیش کیے جو اس اسکول کی شناخت ہے۔اس موقع پر اسکول کے سبھی اساتذہ اورسبھی طلبا نے شرکت کی۔ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ سے ڈاکٹر محمد معمورعلی اور ڈاکٹر عارف محمد نے بھی طلبا سے خطاب کیااوران کی کوششوں کو سراہا۔ڈی ایل ایڈ سال اول کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹرانصاراحمد نے بھی مہمان اعزازی کے طورپر پروگرام میں شرکت کی۔یہ پروگرام ڈی ایل ایڈ سال دوم کے طلبا و طالبات کے ذریعے منعقد کیے گئے تھے۔ اس طرح کے ثقافتی پروگرام کا مقصد یہ ہے کہ طلبا وطالبات کی ہمہ جہتی نشوونما ہو سکے۔ان میں اخلاق فاضلہ کی قدروں اور جمالیاتی حظ کا فروغ ہوسکے ساتھ ہی سماجیانے کے عمل میں یہ بہت ہی مو¿ثر ہیں۔محترمہ فاطمہ حبیب کے اظہارتشکر پر یہ پروگرام اختتام پذیرہوگیا۔