عبدالحسیب
سدھارتھ نگر،6جنوری سماج نیوزسروس:جمعیت اہل حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے زیر اہتمام علاقہ کی دس مساجد میں خطبہ جمعہ کا اہتمام ہوتا ہے۔ آج حلقہ کی تین مساجدمیں تین نوخیز طلبہ نے بڑا جاندار خطبہ جمعہ پیش کیا جن کی خوب پذیرائی ہوئی۔ مسجد محمدی جیت پور میں عزیزم محمد دانش عبد الحسیب سلمہ نے خطبہ جمعہ میں حقوق الوالدین کے موضوع پر مدلل روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطبے کہا کہ کتاب و سنت میں والدین کے حقوق ادا کرنے کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور ان کی ادائیگی کا فائدہ بھی انسان کو ہی ہوتا ہے اور اگر کوئی شخص دونوں میں سے کسی کی حق تلفی کرے تو وہ اپنا ہی نقصان کرتا ہے کسی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا اور مظلوم کو قیامت کے دن پورے حقوق مل جائیں گے، حقوق العباد میں عظیم ترین حق والدین کا ہے، والدین اپنی اولاد کے لیے جنت میں داخلے کا باعث ہوتے ہیں۔ ماں کا دودھ پلانا بھی اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے، جب کہ والد اولاد کی تربیت، اور رزق کی تلاش میں تگ و دو کرتا ہے، والدین مل کر بیماری کا علاج کرتے ہیں، بچوں کی نیند کی خاطر خود جاگتے ہیں، بچوں کے آرام کے لیے اپنی جان جوکھوں میں ڈالتے ہیں، ان کی خوش حالی کے لیے خود تنگی برداشت کرتے ہیں، بچوں کے بول و براز کو برداشت کرتے ہیں تاکہ اولاد سکھ میں رہے، وہ اسے سِکھاتے بھی ہیں تاکہ بچہ مکمل اور مہذب انسان بنے، ان کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی اولاد ان سے بھی آگے بڑھے، اس لیے اولاد کو والدین کے بارے میں کثرت سے وصیت کے متعلق تعجب نہیں کرنا چاہیے اور نہ ہی ان کی نافرمانی کی وجہ سے کثرتِ وعید پر حیرانگی کا اظہار ہونا چاہیے۔ والدین کے حقوق ادا کرنے میں جہاں عظیم اجر و ثواب اور برکت ہے، وہیں پر یہ ایسے لوگوں کی بلند صفات میں شامل ہے جن کا باطن پاک ہو، مقام و مرتبہ بلند ہو اور وہ خود پاکیزہ اخلاق کے مالک ہوں۔ آخر میں انہوں نے والدین کے ساتھ حسن سلوک کرنے کی تلقین کرتے ہوئے خطبہ کا اختتام کیا۔
اسی کے ساتھ مسجد محمدی انتری بازار میں عزیزم عبد العلی عبد الغنی نے تربیت اولاد کے موضوع پر بڑا پر مغز خطاب کیا، انھوں نے موجودہ حالات کی روشنی میں اولاد کے بگڑنے اور ان کے اندر پائی جانے والی بے دینی کی جانب عوام کو متوجہ کیا اور شرعی دلائل کی روشنی میں اولاد کی دینی تعلیم و تربیت پر خاطر خواہ توجہ دینے کی پر زور اپیل کی۔دوسری طرف عزیزم عبدالقدیر عبدالرقیب سلمہ نے محمد ی مسجد محمودواگرانٹ انتری بازار میں والدین کے مقام پر مدلل خطاب کیا ۔ انہوںنے کہا اللہ تعالیٰ نے کائنات میں افضل اور اشرف مخلوق انسان کو بنایا ہے۔ والدین درحقیقت انسان کے دنیا میں آنے کا ذریعہ ہوتے ہیں،ہمارا وجود والدین کی وجہ سے ہوتا ہے ، اسی لئے اللہ تعالیٰ نے بھی والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا اور ان کے حقوق کی ادائیگی کی تلقین کی ہے۔محبت کا جذبہ فطری طور پر بدرجہ اتم والدین کو عطا کیا گیا ہے۔اولاد کے لئے والدین دنیا کی سب سے بڑی نعمت ہیں،والدین کی جس قدر عزت و توقیر کی جائے گی اسی قدر اولاد سعادت سے سرفراز ہوگی شریعت میں والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا گیا ہے۔ اللہ رب العالمین تینوں نوجوانوں کو دین و دنیا کی سعادتوں سے بہرہ ور فرمائے اور انھیں دینِ اسلام کا حقیقی داعی و مبلغ بنائے۔ آمین!