اکولہ: آج یہاں جمعیۃعلماءکے زیر اہتمام سید حسام الدین خطیب فنگشن ہال بالاپور ضلع اکولہ میں عظیم الشان اجلاسِ عام بعنوان سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم واصلاحِ معاشرہ منعقد ہوا جس کا آغاز مفتی مستقیم صاحب مظاہری کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا، حافظ محمد شارق صاحب نے نعتیہ کلام پیش کیا،حافظ عبد الہادی نے جمعیۃکاترانہ پیش کیا۔ مولانا محمد اسماعیل صاحب اشاعتی (صدر جمعیۃعلماءشہر بالاپور)نے جمعیۃعلماءمہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب کی ہدایت پر علاقہ ودربھہ میں منعقد کئے جارہے سیرت النبی واصلاحِ معاشرے کے پروگرامات کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔مفتی محمد حنیف صاحب قاسمی (صدر جمعیۃعلماءتحصیل بالاپور )نے سیرت کے مختلف پہلو ؤں پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایاکہ رسول اللہ کی ذات ہمارے لئے نمونہ ہیں عبادات ، معاملات ، معاشرت ،اخلاقیات میں سدھار کےلئے اپنی زندگیوںکو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ مہمان خصوصی حضرت مولانا محمد یامین صاحب قاسمی مبلغ دارالعلوم دیوبند نے اپنے کلیدی خطاب میںجمعیۃعلماءہند کااس ملک کی تعمیر میں کیا کردار رہا ہے نیزجمعیۃعلماءکے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ سیرت النبی پر عمل کرناہی اصلاحِ معاشرہ ہے نیز فرمایا کہ مسلمانوں کی اصلاح قرآن کی تلاوت میں، تزکیہ میں، اپنے مسائل کو علماءکی خدمت میں جاکر حل کروانے میں، نیز معاملات کی درستگی میں ایذارسانی سے پرہیز کرنے میں پوشیدہ ہے۔ صدر اجلاسِ حضرت مولانا مفتی محمد روشن صاحب قاسمی جنرل سیکریٹر ی جمعیۃعلماءودربھ مہاراشٹر نے رقت سوز اور ردمندانہ خطاب میں فرمایاکہ ہمارے نبی صرف عبادات میں ہی آئیڈیل نہیں ہیں بلکہ ہر معاملات لین دین ، شادی بیاہ میں بھی آئیڈیل ہیں شادیوں کو سادگی اور بغیر جہیز کے کرنے پر ترغیب دیتے ہوئے نوجوانوں کو کھڑے کرواکر عزم کروایا کہ شادیاں سادگی اور بغیر جہیز لئے کریں گے۔ مولانا سید وصی اللہ صاحب مظاہری (صدرجمعیۃعلماءضلع اکولہ )نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ افراد کے مجموعے کانام معاشرہ ہے،اپنی ذات سے اصلاح کا کام شروع کریں تو دھیرے دھیرے معاشرے کی اصلاح ہونے کے امکانات ہیں ورنہ خالی بیانات ہوں فکرِاصلاح نہ ہو تو اصلاحِ معاشرہ ممکن نہیں ہے۔
اخیر میں اجلاس کے ناظم مولانا محمد اسماعیل صاحب اشاعتی (صدرجمعیۃعلماءشہر بالاپور )نے تمام شرکاءاجلاس اور بالاپور کی تمام تنظیموں ونوجوانوں وجمیع احباب کاشکریہ اداکیا جنھوں نے اجلاس میں دامے درمے قدمے سخنے تعاون کیا۔شرکاءاجلاس میں مفتی حکیم الدین صاحب قاسمی، قاری توصیف صاحب پاتور ،حافظ خلیل صاحب کھامگاؤں مولانا برکت اللہ خان صاحب ندوی مفتی مشیر احمد صاحب قاسمی ،مولانا علاؤالدین صاحب ندوی، مولانا محمد شفیق الرحمن صاحب ندوی، مولانا عطاءالرحمن صاحب قاسمی، مولانا عبد الجبارصاحب مظاہری، حافظ یاسین صاحب ، مفتی ابراہیم صاحب وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں علماءکرام حفاظِ عظام وائمہ مساجد بالاپور واطراف واکناف ودیگر حاضرین کا جم غفیر موجود تھا ،اجلاس کو کامیاب بنانے میں مولانا محمد اسماعیل صاحب اشاعتی صدرجمعیۃعلماءشہر بالاپور وجمیع اراکین جمعیۃعلماءوتمام بالاپور کی تنظیموں نوجوانوں وجمیع احباب نے بھرپور تعاون کیا۔