واشنگٹن:افریقہ میں امریکی عسکری کمان (AFRICOM) کے سربراہ جنرل ڈیگون اینڈرسن نے کہا ہے کہ "امریکی صدر اور وزیر دفاع کی ہدایات پر اور نائجیریا کے حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے، امریکی کمان نے 25 دسمبر 2025 کو نائیجیریا کی ریاست سوکوٹو میں داعش کے دہشت گردوں کے خلاف فضائی حملے کیے”۔ جنرل اینڈرسن نے واضح کیا کہ کمان کے ابتدائی اندازے کے مطابق تنظیم کے ٹھکانوں میں داعش کے متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں”۔ کمان کے سربراہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ کمان نائجیریا اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف تعاون کی کوششوں کو فروغ دے رہی ہے، جس کا مقصد جاری تشدد اور معصوم جانوں کو نشانہ بنانے والے خطرات کا سدباب کرنا ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہمارا مقصد امریکیوں کا تحفظ کرنا اور متشدد انتہا پسند تنظیموں کی سرگرمیوں کو جہاں کہیں بھی وہ موجود ہوں، ختم کرنا ہے”۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکی افریقہ کمان آپریشن کے نتائج کا جائزہ لینا جاری رکھے گی اور ضرورت کے مطابق مزید معلومات فراہم کرے گی، تاہم آپریشنل سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے آپریشن کی مخصوص تفصیلات ظاہر نہیں کی جائیں گی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو اعلان کیا کہ نائجیریا کی حکومت کی درخواست پر امریکی افواج نے شمال مغربی نائیجیریا میں داعش کے خلاف ایک بھرپور کارروائی کی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل” پر ایک پوسٹ میں کہا "آج رات، مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف کی حیثیت سے میری ہدایت پر، امریکہ نے شمال مغربی نائجیریا میں داعش کے شرپسند دہشت گردوں کے خلاف ایک بھرپور اور مہلک حملہ کیا ہے”۔امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ نشانہ بنائے گئے عناصر "بنیادی طور پر معصوم عیسائیوں کو اتنی بڑی تعداد میں وحشیانہ طور پر قتل کر رہے تھے جو برسوں بلکہ صدیوں میں نہیں دیکھی گئی”۔ ٹرمپ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا "میں نے ان دہشت گردوں کو پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ اگر انہوں نے عیسائیوں کا قتل عام بند نہ کیا تو انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی اور آج رات ایسا ہی ہوا”۔ انہوں نے مزید کہا "وزارتِ جنگ نے بالکل درست اور ماہرانہ حملے کیے جیسا کہ امریکہ کی روایت رہی ہے۔ میری قیادت میں ہمارا ملک انتہا پسندوں کو پنپنے کی اجازت نہیں دے گا”۔انہوں نے اپنی بات اس دعا پر ختم کی خدا ہماری فوج کی حفاظت فرمائے اور سب کو کرسمس مبارک ہو، بشمول ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے، جن کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گا اگر ان کا قتل عام جاری رہا”۔دوسری جانب ایک امریکی عہدے دار نے بتایا کہ نائجیریا میں یہ حملہ ابوجا کے حکام کی درخواست پر کیا گیا اور امریکی حملے کے نتیجے میں نائیجیریا میں داعش تنظیم کے متعدد ارکان کی ہلاکت کی طرف اشارہ کیا۔












