ایڈیلیڈ، 06 نومبر (یو این آئی) شاہین شاہ آفریدی (22/4) اور محمد حارث کے دھماکہ خیز 31 رنز کی مدد سے پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے سپر-12 میچ میں اتوار کو بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ گروپ۔2 کے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 128 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے 11 گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔یہ میچ بنیادی طور پر کوارٹر فائنل تھا کیونکہ دن کے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ نیدرلینڈز سے ہار گیا تھا اور جیتنے والی ٹیم کو سیمی فائنل میں جانا تھا۔شاہین نے اس اہم میچ میں اپنی رفتار دوبارہ حاصل کی، صرف 22 رنز کے عوض چار وکٹیں لے کر بنگلہ دیش کو 127 رنز تک محدود کر دیا۔ہدف کے تعاقب میں حارث بیٹنگ کے لیے آئے تو پاکستان کو 52 گیندوں پر 67 رنز درکار تھے ۔ حارث نے 18 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی راہ ہموار کی۔اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان گروپ 2 میں ہندوستان کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے ۔