سید پرویز قیصر
پہلے دو میچوں میں کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم دسویں ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں اپنا تیسرا میچروایتی حریف ہندوستان کے خلاف اتوار(15 فروری) کوآر پریم داسا اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ پاکستان نے پہلے لیگ میچ میں نیدر لینڈس کو تین وکٹ اور دوسرے لیگ میچ میں امریکہ کو32 رن سے شکست دی تھی جبکہ ہندوستان نے امریکہ کے خلاف پہلے لیگ میچ میں29 رن سے جیت حاصل کرنے کے بعد دوسرے لیگ میچ میں نامیبیا کو93 رن سے شکست دی تھی۔اس میچ میں جو بھی ٹیم جیتے گی وہ گروپ اے میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کرلے گی۔
ہندوستان اور پاکستان کے مابین ابھی تک جو16ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں ہندوستان نے بارہ میچوں میں اور پاکستان نے تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں کے درمیان ایک میچ ٹائی بھی رہا ہے جس میں بول آوٹ میں ہندوستان نے جیت درج کی تھی۔ یہ ٹائی میچ جنوبی افریقہ میں ہوئے پہلے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں ہوا تھا۔
ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ میں دونوں کا مقابلہ آٹھ مرتبہ ہوا ہے جس میں ہندوستان نے چھ میچوںمیں جیت اپنے نام کی ہے۔پاکستان نے ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے اور ایک میچ ٹائی رہا ہے جس میں بول آوٹ میں ہندوستان نے جیت درج کی تھی۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جو آخری پانچ ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں ہندوستان نے بھی پانچ میچ جیتے ہیں۔دونوں کے درمیان جو آخری ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ 28 ستمبر2025 میں کھیلا گیا تھا۔ ٹونٹی ٹونٹیایشیا کپ کے اس فائنل میچ میں ہندوستان نے پانچ وکٹ سے جیت درج کی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان کے سبھی کھلاڑی 19.1 اوور میں146 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے۔ہندوستان نے19.4 اوور میںپانچ وکٹ پر 150 رن بناکر میچ پانچ وکٹ سے جیت لیا تھا۔
ہندوستان کا پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور20 اوور میں پانچ وکٹ پر192رن ہے جو اس نے احمد آؓباد میں28 دسمبر2012 کو بنایا تھا۔ پاکستان کا ہندوستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور 19.5 اوور میںپانچ وکٹ پر182 رن ہے جو اس نے دوبئی میں4 ستمبر2022 کو ہوئے میچ میں بنایا تھا۔
ڈھاکہ میں27 فروری2016 کو ہوئے میچ میں پاکستان کے سبھی کھلاڑی17.3 اوور میں83 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جو اس کا ہندوستان کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔ ہندوستان کا پاکستان کے خلاف سب سے کم اسکور 19 اوور میں119 رن ہے جو اس نے نیو یارک میں9 جون 2024 کو بنایا تھا۔
ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا اعزاز وراٹ کوہلی کے پاس ہے جنہوں نے ملبورن میں23 اکتوبر2022 کو98 منٹ میں53 بالوں پرچھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر82 رن بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے ہندوستان کے خلاف سب سے بڑاانفرادی کرنے کا ریکارڈ محمدرضوان کے پاس ہے جنہوںنے دوبئی میں24 اکتوبر 2021 کو87 منٹ میں55 بالوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 79 رن بنائے تھے۔
تیز بالر محمد آصف نے ڈربن میں14 ستمبر2007 کو ہوئے میچ میں چار اوور میں18 رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جو ہندوستان کے خلاف پاکستان کے لئے سب سے اچھی بالنگ کارکردگی ہے۔ ہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ تیز بالربھونیشور کمار کے پاس ہے جنہوں نے دوبئی میں28 اگست 2022 کو ہوئے میچ میں چاراوور میں ا26رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔












