کراچی :سہ ملکی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں نیوزی لینڈ نے 243 رنز کا تعاقب 46 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر کیا۔
کیویز کی جانب سے ڈیرل مچل 57 اور ٹام لیتھم 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈیون کانوے 48، کین ولیمسن 34 اور ول ینگ 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
گلین فلپس 20 اور مائیکل بریسویل 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جبکہ سلمان آغا، شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم 50 ویں اوور میں 242 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ مشکلات کا شکار نظر آئی، اوپنر فخر زمان 10، سعود شکیل 8 اور بابراعظم 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ابتدائی تین وکٹیں 54 رنز پر گرنے کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان 88 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔تاہم 142 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان بھی 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ سلمان علی آغا 161 کے مجموعی اسکور پر 45 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
طیب طاہر 38 ، خوشدل شاہ 7 اور شاہین آفریدی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ فہیم اشرف 22 اور نسیم شاہ 19 رنز بناسکے، ابرار احمد ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ول او رورک نے 4، مائیکل بریسویل اور مچل سینٹنر نے 2، 2، ناتھن اسمتھ اور جیکب ڈفی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ویں دوسری جانب سہ فریقی سیریز کے فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ 280 رنز اسکور کرنا چاہتے تھے؛ لیکن نیوزی لینڈ کے بولرز نے بیٹرز پر دباؤ رکھا۔جمعہ کو نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی۔پاکستان کے 243 رنز کا ہدف کیویز نے 46 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم 280 رنز اسکور کرنا چاہتے تھے لیکن نیوزی لینڈ کے بولرز نے ہمارے بیٹرز پر دباؤ رکھا۔ فیلڈنگ کا شعبہ ابھی کمزور ہے، یہی وہ ڈپارٹمنٹ ہے جس میں ہمیں بہتری کی ضرورت ہے۔دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ تین ملکی سیریز میں کسی ایک نے نہیں سب نے ہی اچھی پرفارمنس پیش کی جو چیمپئنز ٹرافی جیسے ایونٹ کیلئے خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں ٹیم نے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی جس کی وجہ سے فتح حاصل ہوئی۔واضح رہے کہ 19 فروری سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہورہا ہے۔ افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے۔