سید پرویز قیصر
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سریز کے پہلے دن پاکستان نے آسڑیلیا کو22 رن سے شکست دی جو اسکی آسڑیلیا کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں2650 دن بعد پہلی کامیابی ہے۔
پاکستان نے سریز کے پہلے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر168 رن بنائے تھے۔صائم ایوب نے سب سے زیادہ رن بنائے تھے۔ وہ32 منٹ میں22 بالوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے40 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ کپتان سلمان آغا نے ان سے ایک رن کم بنایا تھا۔ وہ39 منٹ میں27 بالوں پر ایک چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے39 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ لیگ بریک گگلی بالنگ کرانے والے ایڈم زمپا نے چار اوور میں 24 رن دیکر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ انہو ں نے چوتھی مرتبہ ایک اننگ میں چار یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔
آسڑیلیا نے مقررہ20 اوور میں آٹھ وکٹ146 رن بنائے جس کی وجہ سے اسے22 رن سے شکست ہوئی۔ آسڑیلیا کی اننگ میں سب سے بڑا اسکور کیمرون گرین نے بنایا جو48 منٹ میں31 بالوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے36 رن بنانے میںکامیاب رہے۔ ژیویر بارٹ لیٹ نے25 بالوں پر 25 منٹ میں تین چوکوں اور دو چھکوںکی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر34رن بنائے۔ صائم ایوب نے تین اوور میں29رن دیکر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ابرار احمد نے چار اوور میں 10رن دیکر دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔ صائم ایوب کو آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آٖ ف دی میچ ایواڑڈ دیا گیا۔ انہوں نے ایک کیچ بھی لیا۔ بابر اعظم نے تین کھلاڑیوں کو کیچ کیا اور ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں ایک اننگ میں سب سے زیادہ کیچ لینے کا اپنا اور پاکستان کا ریکارڈ برابر کیا۔
آسڑیلیا کے خلاف پاکستان نے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں آخری کامیابی دوبئی میں28 اکتوبر2018 کوحاصل کی تھی۔ اس میچ کے بعد پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف آٹھ میچ کھیلے تھے جس میں اسے شکست ہوئی تھی۔ ان آٹھ میں سے چھ میچ آسڑیلیا میں اور ایک ایک میچ پاکستان اور متحدہ عرب مارات میں کھیلا گیا تھا۔
پاکستان اور آسڑیلیا کے درمیان ابھی تک جو29 ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ ہوئے ہیں اس میں سے13 میں پاکستان کو کامیابی ملی ہے۔ آسڑیلیا نے چودہ میچ کھیلے ہیں جبکہ ایک میچ ٹائی رہا ہے اور ایک میچ نامکمل رہا ہے۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سریز کا دوسرا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ ہفتہ (31 جنوری) کو ہونا ہے۔ یہ میدان پاکستان کیلئے ٹونٹی تونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں کافی اچھا ہے۔ پاکستان نے اس میدان پر جو29 میچ کھیلے ہیں اس میں 19 میں اسے کامیابی ملی ہے اور دس میں شکست ہوئی ہے۔ آسڑیلیا نے یہاں جو دوٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں اس میں سے ایک میں اسے کامیابی ملی ہے اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔ پہلے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں اسپنروں نے دس کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ آسڑیلیا کی جانب سے چار وکٹ اکیلے ایڈم زمپا نے لئے جبکہ پاکستان کے چار اسپنروں نے چھ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ اگر دوسرے میچ میں بھی ایسی ہی پچ ہوگی تو پاکستان کو میچ جیتنے میں آسانی ہوگی۔












