کراچی:پاکستان سنیما اور ٹیلی ویژن کی ممتاز شخصیت اور نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (این اے پی اے ) کے صدر ضیاء محی الدین پیر کی صبح کراچی میں انتقال کر گئے ۔ان کی عمر 91برس تھی۔خاندانی ذرائع کے مطابق محی الدین کچھ عرصے سے علیل تھے اور یہاں کے ایک اسپتال میں لائف سپورٹ سسٹم پر تھے ۔ انہوں نے آج صبح ساڑھے چھ بجے آخری سانس لی۔ 20جون 1931کو پیدا ہونے والے محی الدین اپنے پورے کیریئر میں پاکستانی سنیما اور ٹیلی ویژن کے ساتھ ساتھ برطانوی سنیما اور ٹیلی ویژن میں مقبول رہے ۔ وہ ہالی ووڈ میں کام کرنے والے پہلے پاکستانی بھی تھے ۔ ان کی کچھ یادگار پرفارمنس میں ڈائریکٹر ڈیوڈ لین کے ساتھ لارنس آف عربیہ، ڈائریکٹر فریڈ زننمین کے ساتھ بی ہولڈ دی پیل ہارس، اور ڈائریکٹر جمیل دہلوی کے ساتھ امیکولیٹ کنسیپشن شامل ہیں۔محی الدین کو 2012میں فن کے شعبے میں ان کی خدمات پر پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا گیا تھا۔