سر ینگر، حکومت جموں و کشمیر میں پنچایتی اور میونسپل انتخابات کے انعقاد کیلئے کمر بستہ ہو گئی ہے اور ممکنہ طور پر ان انتخانات کا انعقاد رواں سال کے ماہ اکتوبر نومبر میں ہوگا کیونکہ پنچایت اور میونسپل باڈیوں کی پا نچ سالہ مدت 5 نومبر 2023 سے 9 جنوری 2024 کے درمیان ختم ہو رہی ہے۔اسی دوران چیف الیکٹورل آفیسر نے تمام الیکٹورل رجسٹریشن آفیسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی جس میں انتخابی فہرستوں کی جاری خصوصی سمری نظرثانی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پنچایتی اور میونسپل باڈئیز کی پانچ سالہ مدت سال رواں کے آخر میں ختم ہونے جا رہی ہے جس کے چلتے سرکار جموں کشمیر میں پنچایتی اور میونسپل انتخابات کے انعقاد کیلئے کمر بستہ ہو گی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حوالہ سے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پولے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جموں و کشمیر کے تمام الیکٹورل رجسٹریشن آفیسران کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا خاص طور پر میٹنگ میں انتخابی فہرستوں کی جاری خصوصی سمری نظرثانی کی ذکر آئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ حتمی فہرستیں 27 مئی کو شائع کی جائیں گی جبکہ دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی ٹائم لائن 6 مئی کو ختم ہو جانی تھی جس کے بعد اس میں 15مئی تک کی توسیع کر دی گئی تھی ذرائع نے بتایا کہ سی ای او نے خصوصی سمری رویژن اور انتظامات کے دیگر مختلف پہلوؤں پر تمام ای آر اوز سے تفصیلی رائے لی۔ذرائع کے مطابق انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے لیے ٹائم لائن میں مزید توسیع کو خارج از امکان قرار دیا گیا ہے کیونکہ تمام ڈپٹی کمشنران نے مبینہ طور پر تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔دریں اثنا، ذرائع کے مطابق حکومت اب اکتوبر-نومبر میں پنچایتی اور شہری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے آہستہ آہستہ تیاری کر رہی ہے۔ تاہم، ان پر باضابطہ بات چیت 22 سے 24 مئی تک سرینگر میں ٹورازم ورکنگ گروپ پر جی 20 پری سمٹ کی تکمیل کے بعد ہوگی لیکن 31 اگست کو امرناتھ جی کی دو ماہ طویل سالانہ یاترا کی تکمیل کے بعد اس کا اعلان متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کی میعاد 5 نومبر اور جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کی میعاد 14 نومبر کو پوری ہوگی جبکہ جموں و کشمیر میں تمام کونسلوں اور کمیٹیوں کی میعاد اکتوبر سے نومبر کے درمیان ختم ہوگی۔اور اسی طرح سے پنچایتوں کی پانچ سالہ میعاد 9 جنوری 2024 کو ختم ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ ایسے حالات میں شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات اکتوبر کے آخر اور پنچایتوں کے انتخابات اس سال دسمبر کے وسط میں مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔بلاک ڈیولپمنٹ کونسلز ( بی ڈی سیز ) کی میعاد اکتوبر 2024 میں ختم ہو جائے گی جبکہ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسلز (ڈی ڈی سیز ) جنوری 2026 میں اپنی مدت پوری کریں گی۔ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر حکومت سیکورٹی صورتحال اور دیگر انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی کہ انتخابات کب کرائے جائیں۔ 31 اگست کو امرناتھ یاترا کی تکمیل کے بعد ہی کال متوقع ہے۔