لکھنؤ،(یو این آئی ) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ سال 2027 کے اسمبلی انتخابات میں عوام سماج وادی پارٹی کو اقتدار سونپنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر شدید حملہ کرتے ہوئے اسے ایک سیاسی جماعت کے بجائے "گینگ” سے تشبیہ دی جو اپوزیشن کو بدنام کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔بدھ کے روز پارٹی ہیڈ کوارٹر کے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا آڈیٹوریم میں منعقدہ ڈیجیٹل ڈیموکریسی ڈائیلاگ” پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا”موجودہ دور میں جمہوریت خطرے میں ہے اور اسے مضبوط بنانے کے لیے مکالمہ، سماجی ہم آہنگی اور مثبت سوچ ناگزیر ہے۔ ملک کے شہریوں کی زندگی بحران کا شکار ہے اور سیاست کی درست سمت صرف پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیت) کے راستے سے ہی طے کی جا سکتی ہے۔اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت انتظامیہ کا غلط استعمال کر کے اپوزیشن کے لیے رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، لیکن سماج وادی پارٹی ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔












