ناظم بیگ
بلند شہر ؍سماج نیوز سروس:تھانہ جہانگیر آباد پولیس نے ایک فرضی آئی پی ایس افسر کو گرفتار کیا ہے۔ملزم نے خود کو بلند شہر کا ایس ایس پی بتا کر ایک نوجوان کو فون پر دھمکی دے کر رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے سرویلانس کی مدد سے لوکیشن ٹریس کر کے ملزم کو گرفتار کر لیاہے۔پولیس نے ملزم کے قبضہ سے اتر پردیش پولیس کا فرضی شناختی کارڈ، تین دیگر محکموں کے جعلی شناختی کارڈ اور 10 فرضی وزیٹنگ کارڈ برآمد کیے ہیں۔ ملزم کی شناخت بلندشہرکے جہانگیر پور ساکن شکیل ولد بشیر کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاع کے مطا بق جہا نگیر آباد ساکن شادان نے پو لیس میں تحریردیکر بتایا تھا کہ اس کے والد محمد شکیل دہلی میں محمد کریب انصاری یہاں سپروائزر کے طور پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے وہاں کے کچھ لوگوں کے ساتھ پراپر ٹی کی رقم کا لین دین کیا تھا۔ اس دوران دہلی کے گو کل پور ی ساک دانش احمد اور رئیس احمد ولد صغیر احمد نے بھی اپنی رقم پراپر ٹی میں لگائی تھی۔دانش اور رئیس رقم کے لین دین کے حوالے سے والد پر دباؤ ڈالنے لگے۔ کئی بار گالی گلوج کی اور جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ 16 ستمبر کو رئیس اپنے دوستوں کے ساتھ ان کے گھر آیا۔ جب اسے یہاں کوئی نہیں ملا تو وہ واپس چلا گیا۔گھر واپس جانے پر ملزم نے نامعلوم نمبر سے اسے فون کیا اور کہا کہ میں ایس ایس پی بلند شہر کو فون کر رہا ہوں۔ تمہارے والد اور دانش کے درمیان پیسوں کا جوتنازع چل رہا ہے اس میں دانش کو پیسے دیدو ، ورنہ میں تمہیں گھر سے اٹھالوں گا اور تمہارا جیناحرام کردوں گا ۔ ملزم کے موبائل کی ڈی پی چیک کرنے پر پتہ چلا کہ اس نے ایس ایس پی بلند شہر کی تصویر لگا رکھی ہے ۔پو لیس نے متاثر کی شکایت پر نا معلوم شخص کے خلاف رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس نے سرویلانس کی مدد سے لوکیشن کا پتہ لگا کر ملزم شکیل کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے فرضی آئی پی ایس شکیل سے تین جعلی شناختی کارڈ برآمد کیے ہیں۔ اس میں اتر پردیش پولس کا ایک شناختی کارڈ، ٹیریٹوریل گارڈ کا ایک شناختی کارڈ، اتر پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کا ایک شناختی کارڈ، اس کے علاوہ 10 جعلی وزیٹنگ کارڈ، ایک چوری کی موٹر سائیکل، تین موبائل فون، دو فر ضی موٹر سائیکل نمبر پلیٹ شامل ہیں۔ اس سے پہلے بھی ملزم کے خلاف بلند شہر کے ککوڑ تھانے میں دو مقدمات درج ہیں۔












