پورٹ او پرنس: ہیتی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں احتجاج و مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران نے ہوائی اڈے پر وزیر اعظم ایریل ہنری کو یرغمال بنا لیا۔ریڈیو ٹیلی میٹرنوم براڈکاسٹر نے جمعرات کو اپنی رپورٹ میں یہ معلومات دی۔ رپورٹ کے مطابق پولیس مسٹر ہنری کو بدھ کو لیانکورٹ میں پولیس ہیڈکوارٹر پر مسلح گروپوں کے حملے میں چھ اہلکاروں کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے ۔مظاہرین نے جمعرات کو پورے پورٹ او پرنس میں ٹائروں کو نذر آتش کیا۔ مظاہرین نے دارالحکومت کے ہوائی اڈے کی طرف مارچ کیا، جہاں مسٹر ہنری ارجنٹینا میں ایک سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد پہنچے تھے ۔ کہا جاتا ہے کہ وزیراعظم کو مظاہرین سے بچنے کے لیے پچھلے دروازے سے ہوائی اڈے سے باہر لے جایا گیا اور فی الحال وہ فوجی محافظوں کی حفاظت میں ہوائی اڈے کے ایک ٹرمینل میں ہیں۔رپورٹس کے مطابق، پورٹ او پرنس میں، بغیر وردی کے پولیس اہلکار وزیر اعظم کے دفتر میں داخل ہوئے اور ہوا میں گولیاں چلائیں اور سرکاری عمارت کے قریب کئی کاروں کی کھڑکیاں توڑ دیں۔قابل ذکر ہے کہ ہیتی 2021 میں اس وقت کے صدر جوونیل موئس کے قتل کے بعد سے سماجی اور سیاسی بحران سے دوچار ہے ۔