ایک بار پھر شمالی ہندوستان کے کئی ریاستوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی شروع ہو چکی ہے۔ہمارے ملک میں چناؤ اور فرقہ وارانہ تناؤ کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور یہ سیاسی پارٹیوں کےلئے سب سے بھروسہ مند ہتھیار ہے۔گجرات سے شروع ہونے والا تازہ فرقہ وارانہ فساد،مہاراشٹرا، مدھیہ پردیش ، اور بہار ہوتا ہوا بنگال پہنچ چکا ہے،اور ہندو مسلم منافرت کے نئے سیریز نمبر 2024 کے لئے سنگھ کی جانب سے صرف مغربی بنگال میں تقریباً دو ہزار علاقوں میں رام نومی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے جو ہنومان جینتی تک جاری رہے گا۔سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ درحقیقت رام نومی اور ہنومان جینتی تہواروں کے بہانے وی ایچ پی اور سنگھ نے سال 2014 سے ہی ریاست میں قدم جمانے کی مشق شروع کر دی تھی۔
وشو ہندو پریشد، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور اس کی ساتھی تنظیموں نے اس سال رام نومی یعنی 30 مارچ 2023 سے ہنومان جینتی 6 اپریل تک ریاست بھر میں ایک ہفتہ طویل رام مہوتسو منانے کا اعلان کیا ہے۔
وی ایچ پی کے جنوبی بنگال کے ترجمان سوریش مکھرجی کہتے ہیں، ”یہ سال وی ایچ پی کے قیام کا 60 واں سال ہے۔ اس کے علاوہ رام للا اس سال کے آخر یا اگلے سال کے شروع میں ایودھیا کے مندر میں اپنی نشست پر بیٹھیں گے۔لہٰذا رام بھکت بے حد پرجوش ہیں۔“
مغربی بنگال میں، ایک دہائی قبل تک، رام نومی کا تہوار منتخب مندروں اور عام لوگوں کے گھروں تک محدود تھا، لیکن اب یہ تہوار حکمراں ترنمول کانگریس اور ریاست کی اہم اپوزیشن بی جے پی کے درمیان سیاست کا ایک بڑا ہتھیار بن گیا ہے۔رام نومی کے موقع پر وشو ہندو پریشد اور اس کی اتحادی تنظیموں کی طرف سے سینکڑوں ریلیوں اور ہتھیاروں کے ساتھ جلوس نکالنے کے معاملے پر حکومت اور حکمراں پارٹی کے درمیان مسلسل تصادم جاری ہے۔سال 2018 میں، اسی رام نومی جلوس پر مبینہ پتھراؤ کے بعد آسنسول میں دو برادریوں کے درمیان بڑے پیمانے پر تشدد اور بمباری ہوئی تھی۔ لیکن اس سال پھر ان ہی مقامات پر فسادات کا پھوٹنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ پولیس نے پچھلے سال کے واقعہ سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔
بنگال میں رام نام پر جو کھیل کئی سالوں سے جاری ہے اس میں ہر سال اضافہ ہی ہو رہا ہے۔آر ایس ایس اس بہانے رام راجیہ کا معاملہ ہر گھر تک لے جانا چاہتی ہے۔اسی وجہ سے ہفتہ وار رام مہوتسو کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت شمالی بنگال کے تقریباً 500 اور جنوبی بنگال کے 1500 علاقوں میں پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
وی ایچ پی کا کہنا ہے کہ تنظیم رام نومی کے موقع پر ہتھیاروں کا جلوس نہیں نکالتی ہے۔ لیکن بعض علاقوں میں لوگ خود ہتھیار اٹھا کر جلوس میں شامل ہو جاتے ہیں۔حالانکہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں رام نومی کے انعقاد کا فائدہ بی جے پی کو ملا تھا۔ لیکن سریش کا دعویٰ ہے کہ ان واقعات کا انتخابی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ گزشتہ لوک سبھا اور 2021 کے اسمبلی انتخابات میں شمالی بنگال میں بی جے پی کی کارکردگی بہتر رہی۔ اسی لیے وی ایچ پی اس علاقے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وی ایچ پی کے شمالی بنگال تنظیم سکریٹری انوپ کمار منڈل کا کہنا ہے کہ رام نومی کے موقع پر علاقے میں سینکڑوں ریلیاں نکالی جارہی ہیں تاہم، ان کا ماننا ہے کہ 2019 کے انتخابات میں بی جے پی کی بہتر کارکردگی کے پیچھے رام نومی کی ریلیاں بھی ایک وجہ تھی۔ وہ کہتے ہیں، ”مستقبل میں بھی اس کا فائدہ ہوگا۔ لیکن ہم ہتھیاروں کے جلوس نہیں نکالیں گے۔“ لیکن اس کی بہن تنظیم ہندو جاگرن منچ نے کم از کم بیس علاقوں میں ہتھیاروں کے ساتھ جلوس نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ پاریجت کہتے ہیں،”کہیں بھی تشدد نہیں ہوگا۔ لیکن ہتھیاروں کا جلوس ہوگا۔ منچ کی طرف سے پانچ سو ریلیوں کا منصوبہ ہے۔ ان میں سے 20 ہتھیاروں کی ریلیاں ہوں گی۔“
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ چیف منسٹر ممتا بنرجی کے اشتعال انگیز ریمارکس اور رام نومی کے پروگراموں کی مخالفت نے پچھلے کچھ سالوں میں سنگھ اور اس سے وابستہ افراد کو اپنے قدم جمانے میں مدد کی ہے۔ کئی مقامات پر ایسا کرنے والوں کی گرفتاریوں نے بھی اس کی شبیہ کو داغدار کیا۔ لوک سبھا انتخابات میں اس کا فائدہ بی جے پی کو ملا۔
سیاسی تجزیہ کار پروفیسر سمرن پال کہتے ہیں،”مرشد آباد ضلع میں ساگردیگھی ضمنی انتخاب کے نتائج نے تمام پارٹیوں کو اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ بی جے پی محسوس کر رہی ہے کہ وہاں کے اقلیتی ووٹ کانگریس اور سی پی ایم کو لوٹ رہے ہیں۔ اس کے لیے یہ ضروری ہو گیا ہے۔ ہندو ووٹروں کو پولرائز کرنے کے لیے، رام مہوتسو منائے تاکہ ممتا بنرجی کو ملنے والا ہندو ووٹ بی جے پی کی طرف منتقل ہو جائے۔“












