وزارت اقلیتی امور (حکومت ہند) کی جانب سے تشکیل شدہ حج پالیسی 2018-2022 کی مدت نفاذ کے اختتام کے بعد وزارت اب نئی حج پالیسی 2023-2027 کی تشکیل کا مرحلہ شروع کر رہی ہے۔ اس ضمن میں ریاستی سطح پر منعقد ہونے والی ایک پیشگی مشاورتی میٹنگ کا انعقاد دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل،آصف علی روڈ، نئی دہلی میں کیا گیا۔اس میٹنگ کی صدارت حج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی نے کی ۔پروگرام کے انتظامات و نظامت دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم خان اور ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی نے کی۔ اس میٹنگ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی، جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری ملک معتصم خان،دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے سابق ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی،دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے سابق ممبر سید شاداب حسین رضوی اشرفی، مولانا مفتی شمیم احمد قاسمی، مفتی منظر محسن، مفتی نثار احمد، مولانا عبدالسبحان، محمد طارق، امان اللہ خان، حاجی محمد ادریس خان، حاجی محمد ظہور، اسعد میاں،صدرالدین سیفی،محمد شاہد گنگوہی کے علاوہ حج2022کے تمام ڈسٹرک ٹرینرس ، خادم الحجاج اور سماج کے معزز حضرات موجود تھے۔جو اہم تجویزات جو پیش کی گئی ان میں کہا گیا کہ عازمین حج کیلئے مفصل مددگار چارٹ ہونا چاہیے، مکہ مدینہ کے ہوٹلوں اور بلڈنگوں میں پردے کامناسب نظم ہونا چاہیے،ایام حج میں مہیا کردہ غذا و لگیج اخراجات میں تخفیف ہونی چاہیے،منیٰ میں کھانے کے معیار کو بہتر بنایا جائے،منیٰ سے عازمین کو رات میں ہی عرفات کے لیے روانہ کر دیا جاتا ہے جبکہ مسنون یہ ہے کہ فجر کے بعد نکلا جائے، اگر ٹھوری بہتر منصوبہ بندی کی جائے تو اس کو بہتر کیا جا سکتا ہے،گذشتہ سال حج کافی مہنگا رہا حج2023کے اخراجات کو تخفیف کی جائے،دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کا کوٹہ بڑھایا جائے، ایک خادم الحجاج کو تین بار سے زیادہ نہ بھیجا جائے، ہر 100عازمین کے ساتھ ایک عالم کو بھیجا جائے،جبکہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر جاوید عالم خان نے کہا کہ انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین،ایگزیکٹو آفیسر،ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر یا کسی سینئر آفیسر کو ہر سال بھیجا جائے،دہلی امبارکیشن پوائنٹ ایک بڑا امبارکیشن پوائنٹ ہے اس کے تمام انتظام و انصرام دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کو دیئے جائیں جس میں حج کمیٹی آف انڈیا یا کسی اور ایجنسی کی مداخلت نہ ہو،اسٹیٹ حج کمیٹیوںکے ایگزیکٹو آفیسر اور کمیٹی کو اخراجات کرنے کی طاقت میں اضافہ کیا جائے،صدرالدین سیفی اتم نگر والے نے کہا کہ حج اخراجات کو جی ایس ٹی سے مکمل مستثنیٰ کیا جائے۔سبھی مدعوین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور نئی حج پالیسی کیلئے اپنی تجویزات پیش کیں۔ جس پر سبھی شرکاء نے اپنی رضامندی کا اظہار کیا۔ مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین اے پی عبداللہ کٹی نے تمام اصلاحات و تجویزات کو بغور سنا اور کہا میں پوری کوشش کرونگا کہ ان پر عمل در آمد کرایا جا سکے۔