محمد زاہد امینی
نوح،میوات،سماج نیوز سروس: میوات کے اڈبر گاوں میں آئندہ 4اپریل سے منعقد ہو رہے 3روزہ تبلیغی اجتماع کی تیاریاں اب پوری طرح سے مکمل کر لی گئی ہیں،مگر گذشتہ کئی روز سے ہو رہی بوندہ باندی سے ضرور تیاریوں میں خلل پڑ رہا ہے۔واضح رہے کہ دعوت و تبلیغ کا محور کہلائے جانے والا خطہ میوات میں تبلیغی جلسہ کی خوشی کسی تہوار سے کم نہیں ہوتی۔گذشتہ 4ماہ سے جلسہ کا انتظار کر رہے میواتی عوام میں جلسہ کو لیکر زبردست خوشی کا ماحول ہے۔دعوت وتبلیغ کے انٹر نیشنل امیر حضرت جی مولانا محمد سعد کاندھلوی دامت برکاتہم کے قیادت میں عالمی مرکز نظام الدین دہلی سے اکابرین حضرات کی ایک پوری جماعت جلسہ میں تشریف لا رہی ہے۔اکابرین حضرات نہ صرف تین روز تک دعوت وتبلیغ کی اہمیت و افادیت پر مفصل بیان فرمائیں گے بلکہ میوات کے سبھی 18تبلیغی حلقوں کی کارگزاری اور آئندہ کے لیے عزائم بھی کرائیں گے۔خطہ میوات کےامیرجماعت ماسٹر محمد ہارون،نائب امیر ماسٹر محمد عرفان،حلقہ پنہانہ کے امیر ماسٹرعبدالحمید،پنگوان کے امیرماسٹرمحمدمبشر،سوہنہ کے امیر حاجی شبیر وگھاسیڑہ زون کے امیر مولانا انیس احمد نے نمائندہ کو بتایا کہ جہاں جلسہ سے راہ خدا میں نکلنے والی جماعتوں کی تشکیل کا کام ہر گاوں میں جاری ہے،وہیں جلسہ میں پیش کی جانی والی حلقہ کی کارگزاری بھی مرتب کر لی گئی ہے۔جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں آج منگل کو،بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی نائب صدرذاکر حسین نے ایک مرتبہ پھر جلسہ گاہ کا دورہ کر تیاریوں کا جائزہ لیا،آرگنائزنگ کمیٹی کے اہم ارکان کے ہمراہ خاص میٹنگ بھی کی۔چوہدری ذاکر حسین نے تبلیغی اجتماع سے متعلق مسائل کو بذات خود دیکھا،جن میں بجلی،پینے کا پانی،نہر کی صفائی، اور گاؤں اڈبر سے اجتماع کی جگہ تک جانے والی سڑکیں شامل ہیں۔انہوں نے موقع پر ہی متعلقہ حکام سے بات کی اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔بی جے پی رہنما ذاکر حسین نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کے انتظامات اور نظام میں کوئی کوتاہی نہیں ہوگی۔ضلعی انتظامیہ تمام مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی مختلف سیاسی،سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنما جلسہ گاہ کا دورہ کر چکے ہیں جن میں کانگریس لیڈر آفتاب احمد،رئیسہ خان،مولانا یحیٰ کریمی و مفتی زاہد حسین قاسمی کے نام قابل ذکر ہیں۔












