علی گڑھ، 21 مئی،سماج نیوز سروس:کمپیوٹر سائنس سوسائٹی (سی ایس ایس)، شعبہ کمپیوٹر سائنس، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے گزشتہ تعلیمی سیشن کے دوران اپنے طلباء کی کامیابیوں کا جشن منانے کے لیے ایک تقریب تقسیم انعامات کا اہتمام کیا۔اس موقع پر پوسٹر اور لوگو سازی کا مقابلہ، کوڈ ہاک کوڈنگ مقابلہ،سی ایس 360 ورکشاپ، تین ماہ کی ریسرچ انٹرن شپ، ایک ماہ کا جی ایف جی کوڈنگ چیلنج، سروس ناؤ اور لنکڈ اِن پر خصوصی لیکچراور ہیکاتھون اے ایم یو ہیکس 3.0 کے فاتحین کو اسناد و انعامات پیش کئے گئے ۔پروفیسر ارمان رسول فریدی، چیئرپرسن، شعبہ کمپیوٹر سائنس نے کہاکہ اپنے طلباء کی بہتری ، ان کی تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ دینے اور انھیں سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے شعبہ پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شعبہ اور یونیورسٹی کی جانب سے جو انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے طلباء ان کا بہتر استعمال کریں۔ پروگراموں کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے پروفیسر فریدی اور کمپیوٹر سائنس سوسائٹی کے کنوینر ڈاکٹر محمد ندیم کی بھی عزت افزائی کی گئی۔ ڈاکٹر ندیم نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔












