جھانسی (یو این آئی) ہاکی کے جادوگر کے طور پر دنیا میں مشہور میجر دھیان چند کی یادوں کو محفوظ کرنے کا کام اتر پردیش کی یوگی حکومت پوری شدت سے کر رہی ہے۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی رہنمائی میں جھانسی میں ددا کی یادوں سے جڑے ‘ہیروز گراؤنڈ کو جھانسی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اپ گریڈ کرتے ہوئے یہاں سہولیات کو بڑھایا ہے اور ان کو نئی شکل دینے کا کام کیا ہے، نیز جھانسی اسمارٹ سٹی نے رانی لکشمی بائی پارک میں دھیان چند میوزیم کی تعمیر کرکے یہاں ددا کی زندگی کی یادگار کہانیوں کو منفرد انداز میں دکھایا ہے۔ گزشتہ سال خود یوگی نے اس کا افتتاح کیا تھا۔ اس کے علاوہ یوگی حکومت میرٹھ میں ددا کے نام پر ریاست کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی بھی تعمیر کر رہی ہے جو کہ عظیم اسپورٹس شخصیت ‘ددا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ میجر دھیان چند کی رہائش گاہ کے قریب واقع ہیروز گراؤنڈ ددا کے کھیلوں کی زندگی کے ابتدائی دنوں سے وابستہ رہا ہے اور اس گراؤنڈ پر انہوں نے خود پریکٹس کرنے کے ساتھ کئی کھلاڑیوں کو تربیت بھی دی۔ اس گراؤنڈ کے ایک حصے میں ددا کی سمادھی واقع ہے۔ جھانسی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اس گراؤنڈ کے ارد گرد باؤنڈری وال، لائٹنگ، ٹریک کی تعمیر اور گھاس لگانے کا کام کیا۔ اس کے ایک حصے میں میجر دھیان چند کی یاد میں ایک میوزیم بنایا گیا ہے۔ گراؤنڈ کی دیواروں پر میجر دھیان چند سے متعلق پرکشش پینٹنگز بنائی گئی ہیں۔ میجر دھیان چند کے پرستار اس میدان کو دیکھنے کے لیے جھانسی ضرور آتے ہیں۔جھانسی اسمارٹ سٹی نے رانی لکشمی بائی پارک میں میجر دھیان چند میوزیم تعمیر کیا ہے، جس کا افتتاح 29 اگست 2023 کو وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کیا تھا۔ میجر دھیان چند میوزیم دنیا کا دوسرا اور ایشیا کا پہلا ہاکی میوزیم ہے جو میجر دھیان چند کو وقف ہے۔ اس میوزیم میں میجر دھیان چند کے ذریعہ جیتے گئے اولمپک تمغوں کے ساتھ ہی ہاکی سے متعلق ان کی ذاتی اشیاء بھی رکھی گئی ہیں۔ اس میں ڈیجیٹل ڈسپلے کی مدد سے میجر دھیان چند کی شخصیت اور کھیلوں کی زندگی کو دکھایا گیا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی وجہ سے یہ میوزیم جھانسی میں سیاحت کا ایک اہم مرکز بن گیا ہے۔ اتر پردیش ہی نہیں، بلکہ ملک اور دنیا کے ہاکی کے شائقین یہاں میجر دھیان چند کو جاننے کے لیے آتے ہیں۔ یوگی نے اسی میوزیم کے قریب میجر دھیان چند کے مجسمے کی نقاب کشائی بھی کی تھی۔اتر پردیش کی حکومت میرٹھ میں میجر دھیان چند اسپورٹس یونیورسٹی تعمیر کر رہی ہے۔ یہاں کھلاڑیوں کو ہر قسم کے کھیلوں کی سہولیات اور تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس یونیورسٹی کے تیار ہونے کے بعد اس میں 540 مرد اور 540 خواتین کھلاڑیوں کو تربیت دینے کا انتظام ہوگا۔ یہی نہیں یہاں کھیلوں سے متعلق کئی کورسز پڑھائے جائیں گے۔ اس کے ذریعے نہ صرف کھلاڑی بلکہ دیگر کھیلوں سے متعلق کورسز بھی کرائے جائیں گے، جس سے طلبہ کھیلوں میں اپنا کیریئر بہتر بنا سکیں گے۔ یوگی حکومت اسے جلد از جلد تیار کرکے اس کا آپریشن شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔












