نئی دہلی، (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز قومی یومِ سائنس کے موقع پر مبارکباد پیش کی، ہندوستان کی سائنسی کامیابیوں کو سراہا اور ملک بھر میں تحقیق اور جدت کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایکس پر جاری ایک پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج قومی یومِ سائنس کے موقع پر ہم تحقیق، جدت اور سائنسی تجسس کے اُس جذبے کا جشن مناتے ہیں، جو ہمارے ملک کو آگے بڑھاتا ہے ۔ قومی یومِ سائنس ہر سال 28 فروری کو منایا جاتا ہے، تاکہ نوبل انعام یافتہ سی وی رمن کی جانب سے رمَن ایفیکٹ کی دریافت کو یاد کیا جا سکے۔ 1928 میں اعلان کی گئی اس دریافت نے روشنی کے بکھراؤ کو واضح کیا اور اسی کے نتیجے میں رمَن 1930 میں طبیعیات کے نوبل انعام جیتنے والے پہلے ایشیائی بنے۔اس موقع کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ یہ دن سر سی وی رمَن کی جانب سے رمَن ایفیکٹ کی انقلابی دریافت کی یاد دلاتا ہے۔ اس دریافت نے ہندوستانی تحقیق کو عالمی نقشے پر نمایاں مقام دلایا ۔












