علی گڑھ،سماج نیوز سروس: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ اینستھیسیالوجی کے پروفیسر قاضی احسان علی کو یکم جون 2024 سے ایک سال کی مدت کے لئے یونیورسٹی کے پیرامیڈیکل کالج کا پرنسپل مقرر کیا گیا ہے۔پروفیسر علی نے جے این میڈیکل کالج سے 1990 میں ایم بی بی ایس اور 1994 میں اینستھیسیالوجی میں ایم ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ وہ 1998 میں انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمولوجی میں اینستھیسیالوجی کے لیکچرر مقرر ہوئے۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی شہرت کے حامل جرائد میں 70 سے زیادہ تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں جن میں اینستھیسیا اینالجیسیا، جرنل آف کلینیکل اینستھیسیا، منروا اینستھیسیا لوجیکا، ایکٹا اینستھیسیالوجیکا تائیوانیکا، انڈین جرنل آف ایناستھیسیا اینڈ کلینیکل فارماکولوجی اور سری لنکن جرنل آف اینستھیسیا وغیرہ شامل ہیں۔اس کے اختصاص کے موضوعات میں ایئر وے مینجمنٹ، ٹراما ریسسیٹیشن اور ایمرجنسی میڈیسن، پین مینجمنٹ اور کریٹیکل کیئر مینجمنٹ شامل ہیں۔انہیں سینٹر فار پروفیشنل ایڈوانسمنٹ کے جانب سے ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن پروفیسر اینڈ ریسرچ ایوارڈ 2023 سے نوازا گیا۔ انہوں نے ایمس، نئی دہلی اور ڈبلیو ایچ او جنوب مشرقی ایشیا سے تصدیق شدہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت ایمرجنسی میڈیسن میں اشو میگھ فیلوشپ حاصل کی ۔ اس کے علاوہ ایمس، نئی دہلی سے مختصر مدتی ٹریننگ مکمل کرنے پر انھیں نیشنل اکیڈمی آف انڈین سائنٹسٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔انہوں نے سکریٹری، انڈین سوسائٹی آف اینستھیسیالوجسٹ، علی گڑھ برانچ (2020-22 اور چیئرمین، شعبہ اینستھیسیالوجی وکریٹیکل کیئر، جے این ایم سی کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔












