لاہور، (یواین آئی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان میچ میں مبینہ بال ٹیمپرنگ کے معاملے پر سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔ذرائع کے مطابق میچ ریفری روشن ماہناما نے لاہور قلندرز کے کھلاڑی فخر زمان اور ٹیم منیجر کو طلب کر کے معاملے کی سماعت کی۔سماعت کے دوران فخر زمان نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فخر زمان کے انکار کے بعد کیس کی مزید سماعت آج کی جائے گی۔واضح رہے کہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے گئے میچ کے 19ویں اوور کے اختتام پر امپائرز نے گیند تبدیل کی تھی اور لاہور قلندرز پر پانچ رنز کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔میچ امپائرز کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی میچ ریفری نے فخر زمان اور ٹیم منیجر کو طلب کیا۔یاد رہے کہ اس میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔












