دبئی، (یواین آئی ) ہندوستان کی اسٹار شٹلر اور دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو، جو علاقائی کشیدگی کے باعث دبئی میں پھنس گئی تھیں، بحفاظت اپنے آبائی شہر بنگلور پہنچ گئی ہیں۔ تاہم ان حالات کے باعث وہ رواں سال کے باوقار ایونٹ آل انگلینڈ اوپن بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2026 (جسے 3 مارچ کو برمنگھم میں کھیلنا تھا) میں شرکت نہیں کر سکیں۔ پی وی سندھو آل انگلینڈ اوپن میں شرکت کے لیے انگلینڈ جا رہی تھیں کہ 28 فروری کو مشرقِ وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال اور فضائی حدود کی بندش کے باعث وہ دبئی میں ہی رک گئیں۔ کئی روز تک غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنے کے بعد بالآخر وہ منگل کے روز ہندوستان پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔ وطن واپسی پر پی وی سندھو نے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا”گزشتہ چند دن انتہائی سخت اور غیر یقینی سے بھرپور تھے، لیکن میں دبئی کے حکام، ایئرپورٹ اسٹاف، امیگریشن اور دیگر ٹیموں کی تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں ہمارا بہت خیال رکھا۔ ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمدردی الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔ علاقائی حالات اور سفری مشکلات کی وجہ سے پی وی سندھو نے آل انگلینڈ اوپن سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے، جو ہندوستانی بیڈمنٹن کے مداحوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔ یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال نے نہ صرف کرکٹ بلکہ بیڈمنٹن اور دیگر کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔












