کابل (یو این آئی) افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے ہندوستان کے سابق فیلڈنگ کوچ آر سری دھر کو اپنی ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا ہے۔ وہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان آئندہ سیریز میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔افغانستان کو ستمبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ اور پھر جنوبی افریقہ کے ساتھ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ ٹیسٹ میچ ہندوستان کے شہر گریٹر نوئیڈا میں کھیلا جائے گا اور ون ڈے سیریز شارجہ میں کھیلی جائے گی۔سری دھر لیول 3 کے سند یافتہ کوچ ہیں۔ اے سی بی نے کہا ہے کہ سری دھر کے معاہدے کو مستقبل میں طویل مدت تک بڑھایا جا سکتا ہے۔نوے کی دہائی میں حیدرآباد کے لیے بائیں ہاتھ کے اسپنر کے طور پر کھیلنے والے سری دھر نے 2001 میں اپنے کوچنگ کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ 2014 کے انڈر 19 ورلڈ کپ کے وقت ہندوستانی جونیئر ٹیم میں شامل ہوئے۔ اسی سال انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کنگز الیون پنجاب کی ٹیم کے ساتھ بھی کام کیا۔ اس کے بعد وہ 2014 سے 2021 تک مسلسل سات سال تک ہندوستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ رہے۔












