نئی دہلی، سماج نیوز سروس:کانگریس کے رہنما راہل گاندھی ہفتہ سے چاندنی چوک لوک سبھا حلقہ کے وزیر پور اسمبلی کے اشوک وہار کے رام لیلا میدان میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرکے دہلی میں لوک سبھا انتخابات کی مہم کا آغاز کریں گے۔کانگریس کے امیدوارجئے پرکاش اگروال چاندنی چوک لوک سبھا سے میدان میں ہیں۔دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدردیویندر یادو نے آج اشوک وہار کے رام لیلا میدان میں ہونے والے عظیم جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دہلی کے کانگریس کارکنوں اور لیڈروں سے اپیل کرتے ہیں کہ چاندنی چوک لوک سبھا حلقہ سمیت پوری دہلی سے ہزاروں لوگ 18 تاریخ کو اشوک وہار کے رام لیلا میدان پہنچ کر عوامی لیڈر راہل گاندھی کو سنیں گے۔ دیویندر یادو نے کہا کہ جلسہ عام کی تیاریوں کے لیے ہمیں مل کر تمام انتظامات کرنے ہوں گے۔ گرمیوں کے موسم میں آنے والے لوگوں کے بیٹھنے کا انتظام، پینے کے پانی وغیرہ کا انتظام اچھی حالت میں ہو اس بات کا خاص خیال رکھنا ہو گا۔ اس کے ساتھ ہی تمام ضلع صدور بالخصوص آدرش نگر ضلع اور چاندنی چوک کے ضلعی صدور سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ای رکشا اور آٹو رکشا کے ذریعے مہم چلائیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ لوگ راہل گاندھی کے جلسہ عام میں پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلی میں آنے والے علاقائی لوگوں اور کارکنوں کے لئے رام لیلا میدان میں مناسب انتظامات کرنے کی ذمہ داری بھی ضلع صدور کو دی گئی ہے۔راہل گاندھی کے 18 مئی کو ہونے والے جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لینے والوں میں ریاستی صدر دیویندر یادو کے علاوہ کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین اور سابق ایم ایل اے انل بھاردواج، سابق ایم ایل اے راجیش جین، سابق ایم ایل اے دیویندر یادو شامل تھے۔












