پل پرہلاد پور میں چھاپہ، 22 بچہ مزدورآزاد
نئی دہلی ،5جون ،سماج نیوزسروس: بچپن بچائو آندولن اور کالکاجی ایس ڈی ایم نے دہلی کے پل پرہلاد پور میں مشترکہ چھاپہ مارکر 22 بچہ مزدوروں کو آزاد کرالیا۔ اس دوران ایک درجن کے قریب تجارتی اداروں کو سیل کر دیا گیا۔بچپن بچائو آندولن نے پولیس کی مدد سے پل پرہلاد پور میں تجارتی اداروں پر چھاپہ مارا اور کالکاجی کے ایس ڈی ایم کی قیادت میں اس مشترکہ کارروائی میں 22 بچوں کو بچایا۔آزادکرا ئے گئے تمام مزدوروں کا تعلق اتر پردیش، بہار اور جھارکھنڈ سے تھا۔ 12 سے 17 سال کی عمر کے ان بچوں کو دس سے بارہ گھنٹے کام کروایا گیا اور انہیں اجرت کے نام پر پچاس سے سو روپے دیئے جاتے تھے ۔ این جی اوز چائلڈ ڈیولپمنٹ سیکشن، لیبر ڈیپارٹمنٹ، چائلڈ لائن، ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ اور دہلی کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس بھی اس کارروائی میں شامل تھے ۔بچپن بچائو آندولن کے ڈائریکٹر منیش شرما نے کہا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود معاشرے میں بچوں کی اسمگلنگ اور چائلڈ لیبر کو روکا نہیں جا سکا، چائلڈ لیبر اور استحصال سے نجات کے لیے بنائے گئے انتہائی سخت قوانین کے باوجود نابالغ افراد کو اس کی اجازت نہیں۔ کام کا رجحان اور ان کا استحصال جاری ہے جو کہ تشویشناک ہے ۔ بچوں کی اسمگلنگ کے سنگین جرم میں ملوث عناصر ان بچوں کو دوسری ریاستوں سے لاتے ہیں اور پھر انہیں بندھوا مزدوری کے دلدل میں دھکیل دیتے ہیں۔ ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں انسداد اسمگلنگ بل منظور کیا جائے ۔آزاد کرائے گئے ان تمام بچوں کو طبی معائنہ کے بعد چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا جس نے انہیں مکتی آشرم بھیج دیا۔ کالکاجی کے ایس ڈی ایم نے پولیس کو ان اداروں کے خلاف بانڈڈ لیبر ایکٹ، چائلڈ لیبر ایکٹ، جووینائل جسٹس ایکٹ اور ٹریفکنگ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرنے کا حکم دیا ہے ۔بچپن بچائو آندولن جون کے مہینے کو ایکشن مہینے کے طور پر منا رہا ہے ۔ اس دوران ریاستی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے ملک بھر میں ان اداروں کے خلاف چھاپے مارے جائیں گے جو بچوں سے مزدوری کرتے ہیں اور بچوں کو آزاد کرایا جائے گا۔