نئی دہلی (یو این آئی) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لداخ میں فوجی مشق کے دوران پانچ فوجیوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔لداخ کے دولت بیگ اولڈی علاقے میں ٹینک کے ذریعے دریا کو عبور کرنے کی مشق کے دوران پیش آنے والے ایک حادثے میں یہ فوجی ہلاک ہوئے ۔مسٹر سنگھ نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں لکھا "لداخ میں دریا کے اس پار ٹینک لے جانے کی مشق کے دوران ایک بدقسمت واقعہ میں ہماری فوج کے پانچ بہادر سپاہیوں کی موت سے بہت دکھ ہوا ہے ۔ ہم قوم کے لیے اپنے بہادر سپاہیوں کی غیر معمولی خدمات کو کبھی نہیں بھولیں گے ۔ متاثرین کے اہل خانہ سے میری دلی تعزیت ہے ۔ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔’’محکمہ دفاع کے ذرائع کے مطابق دریا میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔فوج نے کہا ہے کہ یہ حادثہ جمعرات کی رات اس وقت پیش آیا جب ٹینک پر سوار فوجی مشق کے بعد دریائے شیوک سے ٹینک کو باہر لے جا رہے تھے ۔ تبھی دریا میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہونے سے یہ فوجی وہیں پھنس گئے ۔ انہیں بچانے کے لیے ریسکیو ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کیا گیا لیکن پانی کی سطح اور بہاؤ اس قدر شدید تھا کہ ریسکیو مشن کامیاب نہ ہو سکا اور سپاہی جان کی بازی ہار گئے ۔ فوج نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔












