نئی دہلی، پریس ریلیز،ہمارا سماج:’’رمضان مساوات کا مہینہ ہے ۔معاشرے میں مساوات پیدا کرنے کے لیے غریبوں ،ضرورت مندوں ،محتاجوں اور مستحقین کو کھانا کھلانے سے معاشرے میں محبت والفت کی فضاء قائم ہوتی ہے۔ تعاون وہمدردی کا ماحول پروان چڑھتا ہے۔ بھوکوں کوکھانا کھلا نا اسلام کے نزدیک بہت ہی بڑی نیکی ہے اس کے ذریعہ بندہ رب سے قریب ہوتا ہے۔ جنت کا مستحق ٹھہرتا ہے۔ آخرت کی کامیابی ، بلند درجات، اللہ کی نصرت ومدد آتی ہے‘‘۔مذکور خیالات کا اظہار جماعت اسلامی ہند حلقہ دہلی کے امیرمحمد سلیم اللہ خاں نے پورے دہلی میں راشن کٹ تقسیم پروگرام کے تعلق سے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے :’’بھوکے کو کھانا کھلائو‘‘،کھانا کھلانے والے جنت میں جائیں گے۔‘‘اسی طرح قرآن مجید میں مسکینوں کو کھانا کھلانے کی مختلف صورتوں کا بیان ہے ۔جو شخص روزہ نہ رکھ سکے اس کا فدیہ مسکین کو کھانا کھلانا ہے ۔ اجمالی طور پر کہا جاسکتا تھا کہ اللہ کی راہ میں خرچ کرو ، غریبوں اور محتاجوں کی ضروریات پوری کرو ، ان کے کام آؤ ، لیکن اللہ تعالیٰ نے خاص طور پر مسکینوں کو کھانا کھلانے کی ترغیب دی اور اس کے رسول (صلی اللہ علیہ و سلم) نے کھانا کھلانے کو عظیم صدقہ قرار دیا۔انسان اپنی دیگر ضروریات کو ٹال سکتا ہے ،لیکن بھوک کو زیادہ وقت تک ٹالنا اس کے لیے ممکن نہیں ہوتا ۔رفاہی کاموں کی بے شمار صورتیں ہیں ، لیکن آج کل بھوکوں کو کھانا کھلانا ایک انتہائی اہم اور ضروری کام ہے، جس کی طرف اصحابِ خیر کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔واضح رہے کہ جماعت اسلامی ہند ہر سال ماہِ رمضان میں راشن کٹ تقسیم کا پروگرام کرتی ہے ۔اس سال آئیڈیئل ریلیف ٹرسٹ کے ذریعے رمضان المبارک کے پاک مہینہ میں ضرورت مند حضرات کے لئے فوڈ کٹ تقسیم کیا جا رہاہے۔اس مہم میں جماعت اسلامی ہند کی دہلی میں تقریبا 32 یونٹس موجود ہیںجو سرگرمی کے ساتھ راشن کٹ تقسیم پروگرام میں مشغول ہیں۔ ان علاقوں میں موجود غریب و ضرورت مند لوگوں کی نشاندہی کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا کہ یہ فوڈ کٹ صرف و صرف ضرورت مند حضرات کو ہی دیا جائے اس کی لیے کوشاں ہیے۔ جسیے کردم پوری یونٹ ، سیلم پور، جعفرآباد ، بابر پور ، کبیر نگر ، وجے پارک۔ گریما گارڈن، پرانی دہلی یونٹ، جامعہ نگر میں موجود یونٹس جیسے ذاکر نگر، ابو الفضل انکلیو نارتھ و ساؤتھ یونٹس، شاہین باغ، کنچن کنج،جیت اور خوریجی خاص،آرام پارک،رمیش پارک،للتا پارک،لکشمی نگر،گیتا کالونی،منڈاولی،مدرڈیری جیسے علاقوں میں ضرورت مند لوگوں کے درمیان ہر یونٹ اور علاقے میں، تقریباً 1300تیرہ سو خاندانوںکو راشن کٹ فراہم کی گئی۔