خرطوم، (یو این آئی) وسطی اور جنوبی سوڈان میں پیر کو ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے ڈرون حملوں میں 32 افراد ہلاک اور 86 دیگر زخمی ہوگئے۔مقامی ذرائع نے یہ اطلاع دی۔سنار میں ایک سرکاری ذریعے نے بتایا کہ وسطی سوڈان کی ریاست سنار کے سنجا شہرمیں ایک فوجی کیمپ پر آر ایس ایف کے ڈرون حملے میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 73 دیگر زخمی ہو گئے اور زخموں کی شدت کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حملے میں سوڈانی فوج کے 17ویں انفنٹری ڈویژن ہیڈ کوارٹر اور قریبی بجلی اور پانی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ "شہر میں بیک وقت اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ساتھ ہی سوڈانی فوج کے طیارہ شکن فائر کی آواز بھی سنی گئی،” مزید بتایا کہ زخمیوں کو ریاست کے متعدد اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ باخبر ذرائع نے حملے کے مقام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ایک اعلیٰ سطحی سکیورٹی میٹنگ کے دوران ہوا جس میں سنار، وائٹ نیل اور بلیو نیل ریاستوں کے گورنروں کے علاوہ فوجی اور سکیورٹی حکام شامل ہوئے تھے۔ حملہ براہ راست میٹنگ ہال میں ہوا۔سنار کی ریاستی حکومت نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ پیر کی دو پہر آرایس ایف کے ایک اسٹریٹجک ڈرون نے سنجا کو نشانہ بنایا اور سوڈانی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے ڈرون کو گھیر لیا۔بیان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کا اعتراف کیا گیا ہے لیکن درست تعداد نہیں بتائی گئی۔دریں اثنا، آرایس ایف کمانڈر کے ایک مشیر، الباشا تبیگ نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "17ویں انفنٹری ڈویژن کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کوئی الگ واقعہ نہیں ہے۔”انہوں نے مزید کہا، "جو کچھ ہوا اس سے عسکری قیادت اور جنگ کے جاری رہنے کی حمایت کرنے والوں کو واضح پیغام جاتا ہے” اور آنے والے دنوں میں مزید کشیدگی کی دھمکی دی۔دریں اثنا، رضاکار ڈاکٹروں اور عینی شاہدین نے بتایا کہ سوڈان کی جنوبی کوردوفان ریاست میں پیر کو ایک بازار پر ڈرون حملے میں پانچ شہری ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہوئے۔سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک، ایک رضاکار گروپ، نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صبح ہونے والے حملے میں الجبل السیطہ (سکس ماؤنٹین) کے علاقے میں کرتالہ مارکیٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اسے آر ایس ایف کی رہنمائی والے ڈرون کے ذریعے کیا گیا تھا۔نیٹ ورک نے شہریوں پر "براہ راست حملے” کی مذمت کی اور آر ایس ایف کو مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہرایا، اس حملے کو بین الاقوامی انسانی قانون کی صاف خلاف ورزی” قرار دیا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعات والے علاقوں میں شہریوں کی حفاظت کرے۔آر ایس ایف نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔غور طلب ہے کہ سوڈان 15 اپریل 2023 سے خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے، جہاں سوڈانی فوج اور آرایس ایف اقتدار اور کنٹرول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جس سے ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں۔












