ہانگ کانگ،(یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر اور تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن اشون نے ہانگ کانگ سکسز 2025 میں شرکت کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔ ۔تین روزہ ہانگ کانگ سکسز ٹورنامنٹ 7 سے 9 نومبر تک ہانگ کانگ میں کھیلا جائے گا، جس میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ امکان ہے کہ آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کے بعدیہ روی چندرن ایشون کا پہلا بڑا ٹورنامنٹ ہو گا ۔39 سالہ روی چندرن ایشون ہندوستان کے ایک بہترین میچ ونر مانے جاتے ہیں ۔ وہ اپنی موجودگی سے نہ صرف ٹیم انڈیا کو مضبوط کریں گے بلکہ ٹورنامنٹ کو بھی دلچسپی، تجربہ اور معیار فراہم کریں گے۔کرکٹ ہانگ کانگ کے چیئرمین برجی شراف کا کہنا تھاکہ ہم روی چندرن اشون کو ہانگ کانگ سکسز 2025 میں خوش آمدید کہنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ ان کی موجودگی سے ٹورنامنٹ کا معیار بلند ہوگا۔ یہ ایونٹ تیز رفتار، تفریح اور عالمی معیار کی صلاحیتوں کا مجموعہ ہے۔روی چندرن اشون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہٓ کہ ہم بچپن میں ہانگ کانگ سکسز کو ٹی وی پر دیکھتے تھے، اور ہمیشہ سے اس فارمیٹ کا حصہ بننے کی خواہش تھی۔ یہ ایک مختلف اور تیز رفتار کرکٹ ہے، جس کے لیے الگ حکمت عملی درکار ہوتی ہے۔ اپنے سابق ساتھیوں کے ساتھ کھیلنے اور مضبوط مخالف ٹیموں کا سامنا کرنے کا بے حد منتظر ہوں۔اس ایونٹ میں ہندوستان، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور میزبان ہانگ کانگ سمیت دیگر ٹیمیں حصہ لیں گی۔