میڈرڈ،(یواین آئی )رئیل میڈرڈ کے لیے سال 2025 کا اختتام اور نئے سال کا آغاز بدقسمتی کے سائے میں ہوا ہے۔ کلب نے باضابطہ تصدیق کی ہے کہ ان کے اسٹار کھلاڑی اور ٹاپ اسکورر کیلیئن ایمباپے ٹریننگ کے دوران بائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔رئیل میڈرڈ نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں بتایا کہمیڈیکل سروسز کے معائنے کے بعد ایمباپے کے بائیں گھٹنے میں موچ (Sprain) کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان کی صحت یابی کے عمل پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔”کلب نے حسبِ روایت ایمباپے کی واپسی کی کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی، تاہم وہ اتوار کو ‘رئیل بیٹس کے خلاف ہونے والے اہم لا لیگا میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ایمباپے کی انجری ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب رئیل میڈرڈ کو 8 جنوری کو جدہ (سعودی عرب) میں اسپینش سپر کپ کے سیمی فائنل میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ کا سامنا کرنا ہے۔ مختصر وقت کے باعث فائنل (11 جنوری) سمیت پورے ٹورنامنٹ میں ان کی شرکت انتہائی مشکوک دکھائی دے رہی ہے۔فٹبال حلقوں میں یہ بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ سعودی عرب میں ہونے والا سپر کپ کوچ زابی الونسو کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ ٹیم کے سب سے اہم کھلاڑی کی غیر موجودگی الونسو کے لیے ایک کڑا امتحان ثابت ہوگی، جہاں انہیں اپنے اسٹار اسٹرائیکر کے بغیر اپنی پوزیشن مستحکم کرنی ہوگی۔رواں سیزن میں ایمباپے رئیل میڈرڈ کی ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے 25 میں سے 24 میچوں میں شرکت کی ہے۔لا لیگا کے 18 میچوں میں 18 گول اسکور کیے (جو ٹیم کے مجموعی گولز کا نصف ہے)۔چیمپیئنز لیگ کے 5 میچوں میں مزید 9 گول داغے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ رواں سیزن میں وہ جس واحد میچ میں نہیں کھیلے تھے، اس میں رئیل میڈرڈ کو مانچسٹر سٹی کے ہاتھوں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔












