ممبئی ، پریس ریلیز،ہماراسماج: خطابت کا نبوت سے بڑا گہرا رابطہ ہے جتنے نبی بن کر آئےسب کے سب خطیب تھے انہوں نے اپنے خطاب و تقریر کے ذریعہ انسانوں کے سامنے خدا کی وحدانیت و رسالت کا پیغام پیش کیا ،اور ہزاروں لاکھوں انسانوں کی اصلاح فرمائی۔ ان خیالات کا اظہار دار العلوم دیو بند کے مبلغ حضرت مولانا محمد عرفان قاسمی صاحب نے دار العلوم اسلامیہ عربیہ تلوجہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مولانا موصوف نےعلماء کرام اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ موجودہ دور میں باطل فرقوں فتنہ قادیانیت ، فتنہ شکیلیت اور دیگر باطل عقائد کے رد کے ساتھ ساتھ عقائد کی اصلاح کی طرف بھی توجہ دینا چاہئے۔مولانا عرفان قاسمی صاحب نے مزید کہا کہ خطیب کے لیےضروری ہے کہ اس کا علم وسیع ہو اس لیے کہ علم کی وسعت سے خطیب میں اعتماد پیدا ہو تا ہے اور اس طرح خطبہ میں بیان کردہ معلو ما ت پرلوگ یقین بھی کر یں گے جبکہ کم علم خطیب اپنے خطا ب میں متعدد غلطیوں کا مر تکب ہو تا ہے۔ رسول اکرم ﷺکی خطا بت میں یہ حسن در جہ کمال کا تھا، جب خطا بت کا کمال علم سے ہے تو آپ کا علم میں کو ئی ثا نی نہیں تھا۔اسی طرح بعد نماز ظہر جامعہ اسلامیہ قاری صدیق ؒٹھاکر پاڑہ اتر شیو میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مولانا محمد عرفان صاحب خطاب کرتے ہوئے فر مایا کہ امربالمعروف و نہی عن المنکرکاکام کرنے پر جہاں دنیا و آخرت کی کامیابی و فلاح کی بشارتیں دی گئی ہیں،وہیں اس فریضے سے غفلت اور بے پروائی برتنے پر سخت وعیدیں بھی ہیں، اس کام کو بالکل چھوڑ دینا یا اس میں کوتاہی کرنا اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے،سابقہ ملتوں نے جب اس کام کو چھوڑدیا تو ان پر اللہ کاغضب نازل ہوا اور ان پر ذلت و مسکنت طاری کردی گئی۔ مفتی محمد آزاد قاسمی صاحب نے اجلاس کے اغراض و مقاصد پر گفتگو کرتے ہوئے فرمایاکہ جہاں اصلاح معاشرہ کا کام کرنا ہے وہاں یہ پتہ لگانا چاہیئے کہ معاشرہ میں یہ برائی کہاں سے آرہی ہے سب سے پہلے برائی کے اس راستے کو بند کرنا چاہیے ہم میں سے بہت سے لوگ سماج میں پھیلتی برائیوں اور غلط رسموں رواج کو روکنے اور ختم کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں جوکہ انتہائی سنگین گناہ ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ 18؍ دسمبر سے ممبئی تھانہ پال گھر میں مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب( صدر جمعیۃ علماء مہا راشٹر) کے مجوزہ پروگرام کےمطابق اصلاح معاشرہ اور سیرۃ النبی ﷺ کی مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔ اجلاس کا آغازقاری محمد ہاشم صاحب کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا ،مولانا عرفان صاحب نےنعت پاک پیش کی ،ان دونوں پروگراموں میں علاقے علماء کرام ،اساتذہ کرام اورطلباء سمیت قاری محمد صادق خانصاحب ( مہتمم جامعہ معراج العلوم چیتا کیمپ) مفتی محمد مامون رشید قاسمی صاحب، مولانا زاہد قاسمی صاحب ، مولانا اشفاق صاحب ( جامعہ معراج العلوم ) حافظ ا سعد اللہ صاحب ناظم جامعہ ہذا ،مولانا آصف صاحب، مولانا وصی اللہ ، حافظ سمیع اللہ ،مولانا عطاء اللہ ،قاری فرحت اللہ و یگر شریک تھے ۔