ممبئی 2026 ( پریس ریلیز ) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے Special Intensive Revision ) SIR) کے تحت ووٹروں کی فہرست کی خصوصی نظر ثانی اور شہری شناخت کی تصدیق کا اہم عمل جاری ہے،مہاراشٹر میں ایس ۔ آئی ۔ آر کا یہ عمل یکم اپریل 2026 شروع ہو گیا ہے جس کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ جن کی عمر 18 سال یا اس سے زائد ہے وہ ہندوستانی شہری ہیں، اور وہ اس قابل ہیں کہ ان کا نام ووٹرلسٹ میں شامل کیا جائے۔یہ باتیں آج یہاں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے اخبارات کے لئے جاری اپنے ایک صحافتی بیان میں کیا۔ مولانا ندیم صدیقی صاحب نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایس ۔ آئی ۔ آر کا یہ عمل عام ووٹر اندراج سے مختلف ہے۔ اس مرتبہ 2002 کی ووٹرلسٹ اور 2025ء کی ووٹرلسٹ کا باقاعدہ موازنہ کیا جا رہا ہے۔ جن لوگوں کے نام 2002ء کی فہرست میں درج نہیں تھے، انہیں نیار جٹریشن فارم بھرنا لازمی ہے۔ ہر علاقہ کے بی ایل او (B.L.O) حضرات گھر گھر جا کر ووٹروں کی جانچ کریں گے، 2025 تک جتنے لوگوں کے نام ووٹر لسٹ میں ہیں ان سب کی میپنگ یا لنکنگ ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی آر (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) ایک نہایت اہم عمل ہے جو ووٹر لسٹ کو درست، مکمل اور شفاف بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس میں کسی بھی قسم کی غفلت نہ صرف انفرادی طور پر نقصان دہ ہو سکتی ہے بلکہ پورے جمہوری نظام کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔اگر ہم ایس آئی آر کے دوران لاپرواہی برتیں تو ممکن ہے کہ ہمارا نام ووٹر لسٹ میں شامل نہ ہو یا غلط درج ہو جائے، جس کی وجہ سے ہم اپنےحقِ رائے دہی سے محروم ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح غلط یا ادھوری معلومات پورے انتخابی عمل کو متاثر کر سکتی ہیں۔زیادہ تر جگہوں پر لسٹ آگے پیچھے ہونے کی وجہ سے بڑی گڑبڑی پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے کافی دشواری پیدا ہو رہی ہے ،اس لئے سوشل ورکر ،جمعیۃ کے کارکنان اور سماجی کام کرنے والوں کو تحریک بناکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ہم سب احساس ذمہ داری کو سمجھیں، اگر کوئی غلطی ہو تو فوراً اس کی اصلاح کروائیں، اور نئے ووٹرز کو بھی رجسٹر کروانے میں مدد کریں۔ یاد رکھیں کہ ایک درست ووٹر لسٹ ہی شفاف اور منصفانہ انتخابات کی ضمانت ہوتی ہے۔لہٰذا، ایس آئی آر کے عمل کو سنجیدگی سے لیں، اس میں بھرپور حصہ لیں اور دوسروں کو بھی اس کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ آپ کی چھوٹی سی توجہ ایک مضبوط اور بہتر جمہوریت کی بنیاد بن سکتی ہے۔ محترم ایڈیٹر صاحب برائے مہر بانی اس پریس ریلیز کو اپنے موقر روز نامہ میں شائع فرمائیں۔












