دیوبند ،سماج نیوز سروس: رمضان المبارک کا دوسرے عشرہ بھی مکمل ہونے والا ہے ۔اسی کے ساتھ تراویح میں قرآن کریم کی تکمیل کا سلسلہ بھی شر وع ہو چکا ۔ عثمانی مسجد میں اوپر کی منزل پر مسجد کے نائب امام مولانا نبیل خان نے15دن کی تر اویح میںقرآن کی تکمیل کی اس موقع پر دارالعلوم کے شعبہ حفظ کے استاذقاری صغیر احمد نے کہاکہ ویسے تو ماہ مبارک کے ہر لمحہ میں اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور مغفرت کا برسات ہوتی رہتی ہے لیکن اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ میں گناہوں سے توبہ کرنے والے بندوں پر خصوصی عنایات فرماکر ان کی بخشش فرمادیتے ہیں ۔اس لئے ہر ایک مسلمان کو اس عشرہ میں گناہوں سے توبہ اور بخشش طلب کرنے کا خاص اہتمام کرنا چاہئے ۔انہوں نے بتایا کہ توبہ اور استغفار کے قرآن وحدیث میں بہت سے فضائل بیان کئے گئے ہیں ۔ایک مسلمان کو ویسے بھی توبہ واستغفار کرتے رہنا چاہئے لیکن رمضان المبارک میں اس عمل کو اپنا وظیفہ بنالینا چاہئے ۔قاری صغیر نے رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ اللہ کی رحمتیں اوربخشش کے حصول کے لئے زیادہ سے زیادہ استغفار کا ورد رکھا جائے ۔قرآن مجید میں استغفار کا یہ فائدہ بیان کیا گیا ہے کہ استغفار کی کثرت سے دنیا میں بارشیں ہوتی ہیں ،مال ودولت میں اضافہ ہوتا ہے اور مرنے کے بعد جنت کی نعمتیں ملتی ہیں ۔اللہ تعالیٰ خود فرماتے ہیں کہ اپنے رب سے معافی مانگو ،یقینا وہ بڑا بخشنے والا ہے ۔استغفار کی برکت سے تمہیں باغات عطاکئے جائیں گے اور نہریں جاری کی جائیں گی ۔انہوں نے کہا کہ احادیث میں توبہ واستغفار کی فضیلت بیان کی گئی ہے ۔ایک حدیث میں جناب رسول مقبول حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص کثرت سے استغفار کرتا ہے اس کو باری تعالیٰ ہر مصیبت سے نجات دیدیتے ہیں اور ہرتنگی کو آسانی میں بدل دیتے ہیں اور اس کو ایسی جگہ سے رزق دیتے ہیں جہاں سے اس کو وہم وگمان بھی نہیں ہوتا ہے ایک دوسری حدیث میں ہے کہ وہ شخص بڑا خوش قسمت ہے جس کے نامۂ اعمال میں استغفار پایا جائے ۔اس موقع پر مولانا انعام الہی ،مولانا شبیر ،خورشیدخان ، حافظ اقبال انصاری ،ماسٹر خورشید احمد صدیقی ،چودھری یونس ،احتشام الہی ،افضال انصاری ،دانش خان،شاداب حسین ،عبدالقارد (عرشی)کلیم عثمانی ،کلیم ہاشمی،ظفر عثمانی سمیت کثیر تعداد میں علاقے کے افراد موجود رہے۔












