نئی دہلی،پریس ریلیز،ہمارا سماج: ریسرچ اسکالرز فورم،شعبۂ عربی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیر اہتمام شعبہ کی ڈاکٹر عبدالحلیم لائبریری میںـ’’ ادب اور زندگی کے درمیان تاثیر وتاثر کا باہمی رشتہـ‘‘ کے موضوع پر دو روزہ قومی ریسرچ اسکالرز سیمینار کے افتتاحی جلسہ کا انعقاد پروفیسر نسیم اختر ندوی صدر شعبۂ عربی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی صدارت میں کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر اقتدار محمد خان ڈین فیکلٹی آف ہیومنٹیز اینڈ لینگویجیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شرکت کی، اس سیشن کی نظامت ریسرچ اسکالرز فورم کی ایڈوائزر ڈاکٹر ہیفا شاکری نے انجام دی۔پروگرام کا آغاز شعبہ کے طالب علم رضوان احمد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ صدر شعبۂ عربی، پروفیسر نسیم اختر ندوی نے اپنے صدارتی خطبہ میںادب کی تعریف بیان کرتے ہوئے سیکڑوں سالوں پر محیط عربی ادب کے سرمایہ کا جائزہ لیا اور عہد جاہلی سے ہوتے ہوئے عہد جدید تک عربی ادب کا جو سفر ہے اور زندگی کے مختلف مراحل میں ادب کی مختلف شکلوں کے اندر زندگی کے جو انعکاسات ہیں ان پر روشنی ڈالی، انھوں نے کہا کہ شاعری ہو یا نثر کہانیاں ہوں یا ناول، افسانے ہوں یا ڈرامے زندگی کے مختلف رنگ ان سب میں نمایاں ہیں اور ان کا مطالعہ ہمیں زندگی کی رنگا رنگی کے جوہر سے آشنا کرتا ہے۔