نیوزی لینڈ کے خلاف ممبئی میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں روہت شرما نے40 منٹ میں29 بالوں پر چار چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مددسے47 رن بنائے۔ اپنی اس اننگ کے دوران نیوزی لینڈ کے تیز بالر ٹرینٹ بولٹ کی بال پر چھکا لگاکر عالمی کپ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔ یہ عالمی کپ میں ان کا پچاسواں چھکا تھا۔
اس میچ کے اختتام تک ہندوستانی کپتان نے2015 سے اب تک جن تین عالمی کپوں کے27 میچوں میں بلے بازی کی ہے انکی 27 اننگوں میں61.12 کی اوسط اور104.51 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ سات سنچریوں اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1528 رن بنائے ہیں جس میں162 چوکے اور51 چھکے شامل ہیں۔ وہ دو مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور140 رن رہا ہے جو انہوں نے پاکستان کے خلاف مانچسٹر میں16 جون2019 کو ہوئے میچ میں153 منٹ میں113 بالوں پر14 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔
ان سے پہلے عالمی کپ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے کریس گیل کے پاس تھا جنہوں نے 2003 اور2019 کے درمیان جو چھ عالمی کپ کھیلے انکے 35 میچوں کی34 اننگوں میں35.93 کی اوسط اور90.53 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ دو سنچریوں اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے1186 رن بنائے تھے جس میں116 چوکے اور49 چھکے شامل ہیں۔ دو مرتبہ وہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 215 رن ہے جو انہوں نے زمبابوے کے خلاف کنبرا میں فروری2015 کو147 منٹ میں دس چوکوں اور سولہ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔
دوسرے سیمی فائنل سے پہلے تک آسڑیلیا کے گلین میکسویل نے 2015 سے اب تک جن تین عالمی کپوں میں شرکت کی ہے اس میں25 میچوں کی23 اننگوں میں49.88 کی اوسط اور161.51 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تین سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے898 رن بنائے تھے جس میں94 چوکے اور43 چھکے شامل تھے۔ وہ دو مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھول پائے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکو ر آوٹ ہوئے بغیر201 رن ہے جو انہوں نے افغانستان کے خلاف ممبئی میں 7 نومبر 2023 کو ہوئے میچ میں181 منٹ میں 128 بالوں پر 21 چوکوں اور دس چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ وہ عالمی کپ میں ہی نہیں ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھی دوسری اننگ میں ڈبل سنچری بنانے والے واحد بلے باز ہیں۔عالمی کپ میں اس وقت وہ تیسرے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز ہیں۔
جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیرس عالمی کپ میں چوتھے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے2007 اور2015 کے درمیان جن تین عالمی کپوں میں شرکت کی ہے ان کے23 میچوں کی22 اننگوں میں63.52 کی اوسط اور117.29 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ چار سنچریوں اور چھ نصف سنچریوں کی مدد سے1207 رن بنائے تھے جس میں121 چوکے اور37 چھکے شامل تھے۔ وہ چار مرتبہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر 162 رن ہے جو انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سڈنی میں فروری2015 کو103 منٹ میں66 بالوں پر17 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔
آسڑیلیا کے ڈیوڈ وارنر نے بھی ابھی تک 27 میچوں کی27 اننگوں میں37 چھکے جڑے ہیں اور وہ دوسری سیمی فائنل میں ابراہم ڈی ویلیرس کو پیچھے کرسکتے ہیں۔












