جے پور، (یو این آئی)انڈین پریمیئر لیگ2026 کے آغاز سے قبل راجستھان رائلز نے ایک بڑے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے نوجوان آل راؤنڈر ریا ن پراگ کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ یہ تبدیلی سنجو سیمسن کے چنئی سپر کنگز میں چلے جانے کے بعد عمل میں آئی ہے، جو راجستھان رائلز کے لیے ایک نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ریا ن پراگ، جنہوں نے 2019 میں اپنا آئی پی ایل ڈیبیو کیا تھا، اپنے کیریئر کے تمام سات سیزن رائلز کے ساتھ ہی گزارے ہیں۔ گزشتہ سال جب سنجو سیمسن انجری کے باعث باہر ہوئے تھے، تب پراگ نے 8 میچوں میں ٹیم کی قیادت کی تھی۔ اگرچہ اس دوران ٹیم کو 2 فتوحات اور 6 شکستوں کا سامنا کرنا پڑا اور وہ نویں نمبر پر رہی، لیکن پراگ نے انفرادی طور پر بلے بازی میں متاثر کن کارکردگی دکھائی۔












