دیوبند (سماج نیوز سروس) حضرت صابر پاک کے 756ویں عرس کی گیارویں شریف کو حسب روایت درگاہ کی مسجد میں بعد نماز عشاء محفل قرأت منعقد ہوئی جس میں تقریباً پورے ملک سے تشریف لانے والے حفاظ اور قراء نے شرکت کی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر اور عرس کے دوران مختلف پروگرام منعقد کرانے والی کمیٹی کے کنوینر افضل منگلوری کی سرپرستی اور شاہ خالص انظر قدوسی صابری کی صدارت میں دہلی ، امروہہ، کاشی پور، آگرہ، مین پوری، علی گڑھ، سہارنپور، دیوبند ، جوالا پور ، نجیب آباد ، مراد آباد اور سنبھل سمیت پیران کلیر و آس پاس کے حفاظ و قراء نے نہایت دلکش اور پرکشش آوازوں میں تلاوت کلام پاک اور قرأت پیش کی۔ عرس کمیٹی کے نائب صدر چیئر مین اکبر خاں، شہزاد خاں، خازن رائو انعام صابری، رائو زردار صابری، ندیم صدیقی ایڈوکیٹ عمران دیش بھکت ،سید نفیس الحسن، رائو واجد علی، امام حافظ عبدالواح، نائب امام سعود صابری، حافظ عثمانی نجیب آباد، حافظ مناظر قادری سنبھل ، قاری مہدی حسن، کاشی پور، حافظ توحید مین پوری اور قاری حمزہ امروہوی نے تلاوت کلام پاک پیش کی۔ پروگرام کے اختتام پر تمام حفاظ کرام وقراء کو کمیٹی کی جانب سے نقد نذرانہ اور تبرکات پیش کئے گئے۔ کنوینر افضل منگلوری نے بتایا کہ اس مرتبہ بھی کسی طرح کی کوئی نقد رقم پروگرام کے انعقاد کے لئے وقف بورڈ ا درگاہ سے نہیں لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ آٹھ سالوں سے عرس کی کمیٹی اپنی جانب سے محفل قرأ ت اور مشاعرہ کا نظم کررہی ہے۔ اس موقع پر قاری سعود، حافظ شعیب، حاجی سمیر، ایوب حسن، اور افضل منگلوری نے نعت ومنقبت پیش کی۔












