ساکشی ملک کاریٹائرمنٹ کا فیصلہ کھیلوں کی دنیا کے لیے سیاہ دن، حکومت کو جواب دینا چاہیے :کانگریس
نئی دہلی، 22 دسمبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ اولمپک تمغہ جیتنے والی پہلوان ساکشی ملک کی کھیلوں پر حکومت کے "غلبہ” کی وجہ سے ریٹائرمنٹ ملک کے کھیلوں کی تاریخ کا سیاہ دن ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کو اس سلسلے میں ملک کو جواب دینا چاہیے ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری رنویر سنگھ سرجے والا اور اولمپک باکسنگ میڈلسٹ وجیندر سنگھ نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پہلوان بیٹیوں کے جنسی استحصال کے ملزم بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کے قریبی ساتھی سنجے سنگھ کا ریسلنگ فیڈریشن کا صدر بننے کے بعد اولمپک تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون پہلوان ساکشی ملک کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ہندوستان کے کھیل کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسان کی پہلوان بیٹی کی آنکھوں سے نکلنے والا ہر آنسو مودی حکومت کے ذریعہ بیٹیوں کی توہین کا ثبوت ہے ۔ ‘‘بیٹی رُلاؤ،بیٹی ستاؤ اور بیٹیوں کو گھر بیٹھاؤ’’ بی جے پی کا نعرہ بن گیا ہے ۔ یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ پہلا اولمپک تمغہ جیتنے والی ہریانہ کے ایک عام کسان خاندان کی بیٹی مودی سرکار کے ‘دبدبہ’ کے ہاتھوں گھر بیٹھنے پر مجبور ہے ۔ پہلوان بیٹیاں انصاف کے لیے جنتر منتر پر بیٹھی رہیں لیکن بی جے پی حکومت دہلی پولس کے ذریعے انہیں کچل رہی ہے ۔