سونوری، ضلع اکولہ، پریس ریلیز،ہماراسماج: بروز ہفتہ کو مکتب نمونہ مسجد سونوری میں دینی تعلیمی بیداری مہم کے تحت ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں علاقے کے علماء، اساتذہ، اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ یہ اجلاس دینی تعلیم کے فروغ اور مکاتب کو منظم بنانے کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوا۔ اجلاس کی سرپرستی حضرت اقدس مولانا حافظ ندیم صدیقی صاحب (صدر جمعیت علماء مہاراشٹر) نے فرمائی۔ آپ کی موجودگی سے اجلاس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا اور شرکت کرنے والوں کو دینی تعلیم کے میدان میں ہونے والی جدوجہد کے حوالے سے ایک نئی رہنمائی ملی۔حضرت مولانا مفتی محمد روشن شاہ صاحب قاسمی (بانی و مہتمم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم سونوری اور صدر دینی تعلیمی بورڈ مہاراشٹر) نے اجلاس کی صدارت کی۔ آپ نے تعلیم کی اہمیت اور مکاتب کی تنظیم و انتظام کی ضرورت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ آپ نے کہا کہ دینی تعلیم کا ہر فرد پر فرض ہے اور ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے علم کے حصول کے لیے بھرپور جدوجہد کرنی چاہیے۔اجلاس میں حضرت مولانا قاری عنایت اللہ صاحب اکھروی نے قرآن مجید کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس کے پیغام کو لوگوں تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ حضرت مولانا مفتی محمد روشن شاہ صاحب قاسمی نے مکاتب کے تنظیمی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں اور کہا کہ اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں میں مزید بہتری لائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر سے بہتر تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا سکیں پروگرام کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے کیا گیا، جس کا شرف ماہر خان ابن محسن خان (مکتب نمونہ مسجد سونوری) کو حاصل ہوا۔ اس کے بعد نعت شریف پیش کی گئی جس کی آواز عالیہ فردوس بنت مرحوم آصف شاہ (مکتب نمونہ مسجد سونوری) نے دلوں کو سکون بخشا۔ پروگرام میں خصوصی طور پر حافظ عبدالعظیم صاحب (مہتمم مدرسہ انوار القرآن مسلہ)، مولانا صدرالدین صاحب (صدر جمعیت علماء تحصیل مرتضی پور)، مولانا اشرف علی صاحب (نائب مہتمم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم سونوری)، حافظ عبد الرشید صاحب امام و خطیب نمونہ مسجد سونوری کے تمام اساتذہ نے شرکت کی۔ اساتذہ اور علماء کرام کی موجودگی نے اس محفل کی رونق کو دوبالاکر دیا۔پروگرام کی کامیابی میں سونوری کے نوجوانوں کی محنت و لگن کا نمایاں کردار تھا۔ ان کی بھرپور کوششوں کی بدولت یہ اجلاس نہ صرف کامیاب رہا بلکہ علاقے کے لوگوں میں دینی تعلیم کے حوالے سے نئی بیداری پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوا۔اجلاس کے اختتام پر مولانا قاری عنایت اللہ اکھر وی صاحب نے دعاء کی کہ اللہ تعالی ہمیں اپنی دینی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور انہیں بہتر طریقے سے نبھانے کی توفیق دے۔اجلاس کا یہ دن علاقے میں دینی تعلیم کے فروغ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوا اور تمام شرکاء نے مل کر عہد کیا کہ وہ اپنی قوم کی دینی بیداری کے لیے مسلسل محنت کریں گے۔