بیونس آئرس، (یواین آئی ) جب اتوار کی رات پورا ہندوستان گہری نیند سو رہا تھا، اس وقت بیونس آئرس کے ‘ٹگرے اسپورٹس کلب اسٹیڈیم میں ہندوستان کا نام روشن کیا جا رہا تھا۔ تجربہ کار فائٹر اور سابق ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن سنگرام سنگھ نے ارجنٹائن کی سرزمین پر مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹ جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔سنگرام سنگھ نے اپنی عمر سے 16 سال چھوٹے فرانسیسی فائٹر فلورین کاوڈیئر کو محض ایک منٹ 45 سیکنڈز میں شکست دے کر اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں کو حیران کر دیا۔ جارجیا اور نیدرلینڈز کے بعد یہ ان کی ایم ایم اے میں جیت کی ہیٹ ٹرک ہے۔آغاز میں فلورین نے سنگرام کے پنچ سے خود کو بچایا اور جوابی کِک رسید کی۔سنگرام سنگھ نے اپنے 25 سالہ کشتی کے تجربے کو استعمال کرتے ہوئے فلورین کی کِک پکڑی اور انہیں زمین پر پٹخ دیا۔زمین پر گرانے کے بعد سنگرام نے حریف کو ‘چوک کر دیا، جس کے بعد ریفری کے پوچھنے پر فلورین نے اپنی ہار تسلیم کر لی۔ کامیابی کے بعد رنگ میں گفتگو کرتے ہوئے سنگرام سنگھ نے کہا”میرے لیے ہار جیت معنی نہیں رکھتی، میں یا تو جیتتا ہوں یا سیکھتا ہوں۔ جنون کی کوئی عمر نہیں ہوتی۔ میرا خواب تھا کہ ارجنٹائن میں فائٹ جیتنے والا پہلا ہندوستانی بنوں اور آج وہ پورا ہو گیا۔انہوں نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے کوچ بھوپیش، یوگا اور پرانایام کے سر باندھا۔اس فائٹ سے قبل حالات سنگرام کے لیے کافی کٹھن تھے۔مقابلے سے دو دن پہلے ان کا وزن مقررہ حد سے 600 گرام زیادہ تھا۔ انہوں نے سارا دن سخت محنت کی اور صرف آدھا گلاس پانی پی کر خود کو 83 کلو گرام کے زمرے میں فٹ کیا۔وہ شدید ذہنی دباؤ محسوس کر رہے تھے، لیکن ارجنٹائن میں ہندوستانی سفیر اور ان کے بیٹے کی موجودگی نے ان کا حوصلہ بڑھایا۔












