ریاض،(یواین آئی ) سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ صورتحال کے تناظر میں عازمین حج سے متعلق بڑا قدم اٹھا لیا۔حج سیزن کا آغاز ہو رہا ہے ایسے میں ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے پیشگی اقدام کے طور پر عازمین حج کی سہولت کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق وزارت حج وعمرہ سے دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کی آمد کے طریقہ کار کو سہل بنانے، انہیں تعاون اور سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک مخصوص آپریشن روم کے قیام کا اعلان کیا ہے۔سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربيعہ نے مدینہ منورہ میں "عمرہ و زیارت فورم” کے افتتاح کے موقع پر واضح کیا کہ یہ آپریشن روم معتمرین کی آمد کے لمحے سے ہی انہیں درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط ترسیلی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کا قیام سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی شراکت داری سے عمل میں آیا ہے تا کہ طریقہ کار میں روانی کو یقینی بنایا جائے اور آرام و سلامتی کے معیار کو بہتر کیا جا سکے۔سعودی وزیر نے بتایا کہ مختلف متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ توفیق الربيعہ نے بیرون ملک سے آنے والے معتمرین کی تعداد میں نمایاں اضافے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال یہ تعداد 1.8 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔












