ریاض -(ایجنسی)گھانا کے بولگتانگا ریجنل ہسپتال کے لیے بحالی اور توسیع کے سعودی حمایت یافتہ منصوبے پر کام شروع ہو گیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی خبر کے مطابق گھانا کے صدر نانا اڈو ڈنکوا اکوفو-اڈو نے جمعہ کو اس منصوبے کے افتتاح کی قیادت کی جس میں سعودی اور مغربی افریقی جمہوریہ گھانا کے دیگر حکام شریک تھے۔مملکت کی نمائندگی سعودی سفیر سلطان بن عبدالرحمٰن الدخیل اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے ڈیپارٹمنٹ آف افریقہ آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل محمد بن اذان الشمری نے کی۔رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کو سعودی ترقیاتی فنڈ (ایس ایف ڈی) نے دو ترقیاتی قرضوں کے ذریعے دو مراحل میں 32 ملین ڈالر کی کل مالی امداد فراہم کی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا، "اس منصوبے میں مختلف عمارات کی تعمیر اور انہیں سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا جن میں خصوصی طبی شعبے، ہنگامی خدمات، زچگی اور اطفال کے وارڈ اور ہنگامی یونٹ شامل ہیں۔ایس ایف ڈی نے 124 ملین ڈالر سے زیادہ کے رعایتی ترقیاتی قرضوں کے ذریعے گھانا میں 10 ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کی مالی اعانت کی ہے جس کا مقصد تعلیم، صحت، نقل و حمل، توانائی اور زراعت جیسے شعبوں کو بہتر بنانا ہے۔