جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے طلبہ و طالبات کو خوش آمدید کہا، ہر گھر میں شمع ایمان روشن ہو ، یہ ہمارا مقصد : قاری عبدالسمیع
دینی تعلیمی جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے جنرل سکریٹری قاری عبدالسمیع شاہی کی قیادت میں مختلف دینی مکاتب میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کا ایک قافلہ 16نومبر کو جمعیۃ علماء ہند کا صدر دفتر پہنچا ، جہاں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے ان کو خوش آمدید کہا ۔اس موقع پر ان طلبہ و طالبات نے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے ان کو دعائیں دیں اور دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے مکاتب کے تئیں جذبہ کی ستائش کی ۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ صوبہ دہلی قاری عبدالسمیع نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی صاحب ، صدر مرکزی دینی تعلیمی بورڈ مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی صاحب مہتمم دارالعلوم دیوبند، ناظم عمومی مرکزی دینی تعلیمی بورڈ مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری صاحب کی سرپرستی میں صوبہ دہلی میں مکاتب کے قیام پر خاص طور سے زور دیا جارہا ہے ، ہمارے طلبہ اکابر کے نصاب کے ذریعہ دین کی تعلیم سے آراستہ ہوں اور ہر گھر میں شمع ایمان روشن ہو ، یہ ہمار ا اہم مقصد ہے ۔اس موقع پر مرکزی دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے ناظم مولانا خالد گیاوی نے اپنے بیان میں طلبہ کی کارکردگی کی ستائش کی ۔مجلس مولانا غیور قاسمی صاحب کی دعاء پر ختم ہوئی۔ طلبہ و طالبات نے جمعیۃ علماء ہند کی لائبریری اور میوزیم کا بھی دورہ کیا اور جمعیۃ سے متعارف ہوئے ۔ اس موقع پرجمعیۃ علماء ہند کے دیگر ذمہ داران بالخصوص مولانا فضل الکریم سیکرٹری جمعیت علماء آسام مولانا نجیب اللہ قاسمی، مولانا جاوید صدیقی قاسمی، مولانا ضیاء اللہ قاسمی ، مولانا عظیم اللہ صدیقی قاسمی وغیرہ بھی موجود رہے ۔