نئی دہلی (اے یوایس)موسم گرما اپنے عروج پر ہے۔ اس وجہ سے کئی ریاستوں نے اسکولوں میں تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ دہلی-این سی آر کے نجی اور سرکاری اسکولوں میں 10 مئی سے تعطیلات نافذ کردی گئی ہیں۔ دہلی کے اسکولوں میں 10 مئی سے 1 جولائی تک چھٹی ہوگی۔ اس سے قبل گرمی کے پیش نظر بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی تھی۔ طلباء کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی ریاستوں نے پہلے ہی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔راجستھان میں بھی تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہاں محکمہ تعلیم نے 17 مئی سے 30 جون تک اسکول بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ اضافی کلاسز کے نام پر بچوں کو اسکول بلانے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یوپی کے اسکولوں کی چھٹیاں 18 مئی 2024 سے شروع ہوں گی۔ یوپی کے اسکولوں میں تعلیمی سال 2024-25 کے لیے طے شدہ کیلنڈر کے مطابق تمام اسکولوں میں 15 جون تک گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی۔تاہم پرائمری اور اپر پرائمری اسکولوں میں 20 مئی سے 15 جون تک تعطیلات ہوں گی۔ 19 مئی بروز اتوار ہے۔ اب 16 جون بروز اتوار اور 17 جون کو عید الاضحیٰ (بقرعید) ہے۔ اس لیے اسکول 18 جون 2024 بروز منگل سے کھلیں گے۔ طلباء کو چھٹیوں میں مصروف رکھنے کے لیے ہوم ورک دینے کو کہا گیا ہے۔ ہریانہ میں گرمی کو دیکھتے ہوئے 17 مئی کے بعد تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔












