نیویارک (یو این آئی) امریکی ریاست جارجیا کے ایک ہائی اسکول کے کیمپس میں فائرنگ سے کم از کم چار افراد ہلاک اور نو زخمی ہو گئے۔
مقامی افسران نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ بدھ کو جارجیا کے ونڈر کے اپالاچی ہائی اسکول میں پیش آیا۔ بیرو کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے کہا کہ فائرنگ کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا۔ دفتر نے میڈیا کو بتایا کہ بدھ کی صبح فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کو صبح 10:30 بجے اسکول روانہ کیا گیا۔
جارجیا بیورو آف انویسٹی گیشن (جی بی آئی) نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے۔ بیرو کاؤنٹی کے شیرف جڈ اسمتھ نے کہا کہ واقعے کی وجہ کا تعین کرنے میں کئی دن لگیں گے۔ جی بی آئی افسران نے تفتیش کے دوران علاقے کے آس پاس کے لوگوں سے دور رہنے کی اپیل کی۔
این بی سی نیوز نے قانون نافذ کرنے والے سینئرافسران کے حوالے سے بتایاکہ مہلک تشدد میں مشتبہ شوٹر ایک نوعمر ہے۔ افسران نے بتایا کہ پولیس نوجوان کے نام کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے اور آیا مشتبہ شخص کا اسکول سے کوئی سابقہ تعلق تھا۔ اپالاچی ہائی اسکول کو فائرنگ کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔ اسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد آٹھ افراد کو جارجیا کے تین اسپتالوں میں لے جایا گیا جن میں تین گولی لگنے سے زخمی ہوئے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ گولی لگنے سے زخمی ہونے والے مریضوں کے علاوہ پانچ افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جن میں پینک اٹیک کی علامات ہیں۔












