کویت سٹی،(یو این آئی) کویت کے وزیرِ مملکت برائے بلدیاتی امور عبداللطیف المشاری نے میونسپل کونسل کے اس فیصلے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت رہائشی علاقوں میں قائم نجی اسکولوں کو 2027/2028 کے تعلیمی سال کے اختتام تک بند کر دیا جائے گا۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حوالے سے متعلق منعقدہ اجلاس میں کویت کے وزیرِ مملکت برائے بلدیاتی امور عبداللطیف المشاری نے ایک شق کا اضافہ بھی کیا، جس کے مطابق نجی اسکولوں کے لیے مختص کردہ مقامات اس وقت تک حوالے نہیں کیے جائیں گے جب تک جنرل ٹریفک ڈیپارٹمنٹ سے منظوری حاصل نہ کرلی جائے۔ دریں اثنا، کویت کے وزیرِ مملکت برائے بلدیاتی امور نے میونسپل کونسل کی جانب سے پہلے سے منظور کیے گئے بعض فیصلوں پر اپنے اعتراضات کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کاروباری اداروں، بشمول کریانہ اسٹورز، غذائی اداروں اور مرکزی فوڈ مارکیٹس کے لیے فٹ پاتھ کے ایک حصے کو مشروبات اور پانی کے کولر رکھنے کے لیے لائسنس دینے کی تجویز کی مخالفت کی۔












